اتوار, اکتوبر 4, 2026
ہوم بلاگ صفحہ 279

اسٹاک مارکیٹ نے کیا نئے سال کا پرتپاک خیرمقدم

0

اسٹاک مارکیٹ نے سال 2022 کے پہلے کاروباری دن سرمایہ کاروں کو مالا مال کر دیا

ممبئی: اسٹاک مارکیٹ نے سال 2022 کو خوش آمدید کہتے ہوئے آج سال کے پہلے کاروباری دن سرمایہ کاروں کو مالا مال کر دیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں 1.60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بی ایس ای کا 30 شیئرز پر مشتمل حساس انڈیکس سینسیکس 919.40 پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر 59 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح کو عبور کر کے 59183.22 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ 

نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی بھی 272.65 پوائنٹس چڑھ کر 17500 پوائنٹس کی سطح کو عبور کرکے 17625.70 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ بڑی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ چھوٹی اور درمیانی درجے کی کمپنیاں بھی دباؤ میں رہی جس کی وجہ سے بی ایس ای مڈ کیپ 1.10 فیصد بڑھ کر 25013.30 پوائنٹس اور اسمال کیپ 1.19 فیصد بڑھ کر 29580.68 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

بی ایس ای میں شامل گروپوں میں سے ہیلتھ کیئر 0.21 فیصد کی گراوٹ کو چھوڑ کر باقی تمام سبز نشان میں رہے۔ اس میں بینکنگ 2.55 فیصد، فنانس 2.38 فیصد اور میٹل 2.12 فیصد برتری رہی۔

بی ایس ای میں شامل کمپنیوں میں سے 3698 کا کاروبار ہوا جن میں سے 2687 سبز نشان میں اور 874 سرخ نشان میں تھیں جبکہ 137 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

کلکتہ: ماسک کے بغیر باہر نکلنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

0

چیف سیکریٹری ہری کرشن دویدی نے ضلع انتظامیہ سے کہا ہے کہ مارکیٹ میں کوئی بھی ماسک کے بغیر نہ آئے اور ماسک کے بغیر آنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

کلکتہ: کلکتہ اور ریاست کے دیگر اضلاع میں ماسک کے بغیر باہر نکلنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے چیف سیکریٹری ہری کرشن دویدی نے ضلع انتظامیہ سے کہا ہے کہ مارکیٹ میں کوئی بھی ماسک کے بغیر نہ آئے اور ماسک کے بغیر آنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مغربی بنگال میں آج سے اسکول اور کالجز بند ہوگئے ہیں، سرکاری اور پرائیوٹ دفاتر 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھلے ہوئے ہیں۔

تاہم مغربی بنگال میں سردیوں کے موسم میں مختلف علاقوں میں میلے لگتے ہیں۔ اس وقت بھی کئی اضلاع میں چھوٹے چھوٹے میلے جاری ہیں۔ کئی اضلاع میں کتاب میلہ لگے ہوئے ہیں۔ ان حالات میں چیف سیکریٹری ہری کرشن دویدی نے میلوں میں صاف صفائی اور شرکت کرنے والوں پر ماسک لازمی قرار دینے کی ہدایت دی ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہر ضلع کے مجسٹریٹس اور پولس سپرنٹنڈنٹ کو اس کو نافذ کرنےکی ہدایت دی ہے۔

بنگال میں کورونا کی صورت حال تشویش ناک

خیال رہے کہ مغربی بنگال میں کورونا کی صورت حال تشویش ناک ہے۔ کیسوں میں اضافہ ہوا ہے۔ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ لوکل اور میٹرو ٹرین چل رہی ہیں۔لوکل ٹرین شام 7 بجے کے بعد نہیں چلے گی۔ پب، جم، اسپاس، بیوٹی پارلر بند ہیں۔ ہوٹلوں، سنیما ہالز، بازار، سیاحتی مقامات، شاپنگ مالز وغیرہ میں بھی نئے قوانین جاری کیے گئے ہیں۔ شادی میں 50 سے زائدشرکت نہیں کرسکتےہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 33 ہزار 650 ہو گئی ہے۔ تیسری لہر نے اپنی طاقت دکھانا شروع کر دی ہے۔ بنگال بھی پیچھے نہیں۔ اتوار کی رات تک کورونا متاثرین کی تعداد 6000 سے تجاوز کر چکی تھی۔ صرف کلکتہ میں ہی کورونا کیسز کی تعداد 3000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

دریں اثناء آج سے مختلف اسکولوں میں ویکسی نیشن کیمپ شروع ہو گئے ہیں۔ چیتلہ کیمپ میں شرکت کرتے ہوئے کلکتہ کارپوریشن کے میئر فرہاد حکیم نے بتایا کہ بازار وں میں پولیس کی نگرانی کی جارہی ہے۔ لوگوں کو ماسک پہننے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسوں کی تعداد میں کمی نہیں کی گئی ہے۔کنٹینمنٹ زون کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

سپریم کورٹ سے این ای ای ٹی ۔ پی جی معاملہ کی سماعت میں تیزی لانے کی مرکز کی اپیل

0

جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے سالیسٹر جنرل تشار مہتا مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہوئے اور کہا کہ این ای ای ٹی۔ پی جی معاملے کی جلد سماعت کی ضرورت ہے۔

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے پیر کو سپریم کورٹ سے قومی اہلیت و داخلہ ٹسٹ (این ای ای ٹی) پی جی کاؤنسلنگ معاملے کی سماعت میں تیزی لانے کی درخواست کی۔

جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے سالیسٹر جنرل تشار مہتا مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہوئے اور کہا کہ این ای ای ٹی۔ پی جی معاملے کی جلد سماعت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عدالت سے اپیل کہ 6 جنوری کو پہلے سے طے شدہ شیڈول کے بجائے منگل کو سماعت کی جائے۔

جسٹس چندر چوڑ نے حکومت کی عرضی پر کہا کہ بنچ اس معاملے میں چیف جسٹس این۔ وی رمن سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کرے گی۔

یہ معاملہ میڈیکل پوسٹ گریجویٹ سطح کی کلاسوں میں داخلہ سے متعلق ہے۔ سپریم کورٹ داخلہ کے لیے ہونے والی کاؤنسلنگ میں اقتصادی طور پر کمزور طبقات (ای ڈبلیو ایس) ریزرویشن کے لیے سالانہ آمدنی کی حد طے کرنے کے معاملے کی سماعت کر رہی ہے۔

مرکزی حکومت نے ریزرویشن کے لیے سالانہ آمدنی کی حد آٹھ لاکھ روپے مقرر کی ہے۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے کہا تھا کہ وہ سماعت کے دوران 8 لاکھ روپے طے کرنے کے طریق کار کے بارے میں معلومات فراہم کرے، لیکن حکومت پچھلی کئی تاریخوں کے دوران کوئی واضح معلومات نہیں دے سکی۔ اس کے بعد بنچ نے این ای ای ٹی۔ پی جی کاؤنسلنگ کے عمل پر عارضی طور پر روک لگا دی تھی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ کاؤنسلنگ نہ ہونے کی وجہ سے امیدوار (ڈاکٹر) مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ داخلہ کے لیے امیدوار ڈاکٹروں نے گزشتہ دنوں سڑکوں پر احتجاج اور مظاہرے کیے تھے۔ اس کی وجہ سے دارالحکومت دہلی کی صحت خدمات متاثر ہوئی تھیں۔

تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کی خبریں بے بنیاد: ڈاکٹر سرینواس

0
تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کی خبریں بے بنیاد: ڈاکٹر سرینواس
تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کی خبریں بے بنیاد: ڈاکٹر سرینواس

ڈاکٹر سرینواس راو نے تلنگانہ میں جنوری میں لاک ڈاؤن کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ہم نے کورونا کی دو لہروں کے دوران کئی باتیں سیکھی ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سرینواس راو نے تلنگانہ میں جنوری میں لاک ڈاؤن کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ہم نے کورونا کی دو لہروں کے دوران کئی باتیں سیکھی ہیں۔ ریاست میں دو لہروں کے دوران لاک ڈاؤن اور نائٹ کرفیو بھی نافذ کیا گیا تھا۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی روک تھام صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے۔ ریاست میں کووڈ کے پہلے ڈوز کی صد فیصد تکمیل ہوگئی اور دوسرے ڈوز کا کام 68 فیصد ہوگیا ہے۔ عوام کو تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔ کورونا کی تیسری لہر میں اومیکرون کی علامات بھی معمولی ہیں اور چند فیصد افراد کو ہی اسپتال میں داخل کروانے کی ضرورت ہے۔ ان چند فیصد افراد کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ تمام طرح کی احتیاط اور حکومت سے تعاون کے ذریعہ سے تیسری لہر سے نمٹا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں 15 تا 18 عمر کی گروپ کے تمام افراد کو ٹیکوں کی فراہمی کے لئے ریاستی حکومت نے مکمل انتظامات کیے ہیں۔ ان ٹیکوں کا آج سے تلنگانہ میں آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ٹیکوں کی فراہمی کیلئے کئی مراکز قائم کئے ہیں۔ ڈاکٹرس اور محکمہ صحت کے ماہرین کی نگرانی میں ٹیکہ اندازی کا کام کیا جارہا ہے۔

15 تا 18 عمر کی گروپ کے افراد کو ٹیکہ دلانے کی والدین سے اپیل

انہوں نے اس عمر کی گروپ کے افراد کو ٹیکہ دلانے کی والدین سے خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد سمیت 6 بلدی حدود میں کووین پورٹل کے ذریعہ آن لائن رجسٹریشن کا کام شروع کیا گیا ہے۔ بقیہ دیہی علاقوں میں واک ان بنیاد پر آنے والے دنوں میں ٹیکے دیئے جائیں گے۔ والدین اورسرپرستوں کے خدشات کو دور کرتے ہوئے ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ اس خصوص میں کسی بھی قسم کے شبہات کی ضرورت نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی جانب سے بڑے پیمانہ پر بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کے پیش نظر بچوں کو ٹیکوں کے پروگرام کی شروعات کی گئی ہے جو ہمارے ملک میں تیارکی گئی ہے۔ یہ دیسی ٹیکے تمام طرح سے محفوظ ہیں۔ انہوں نے سنکرانتی کے موقع پر ہجوم کے جمع ہونے کے پیش نظر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت نے پہلے ہی عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔ آنے والے دنوں میں کورونا معاملات میں اضافہ کا امکان ہے جس کے پیش نظر تمام کو چوکسی کی ضرورت ہے۔

سرینواس نے کووڈ کے اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ ساتھ ہی انہوں نے سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی ایسے سیاسی سرگرمیوں کو نہ کریں جس میں عوام جمع ہوتے ہیں۔

اومیکرون کے پیش نظر سپریم کورٹ میں دو ہفتوں تک ورچوول سماعت

0
اومیکرون کے پیش نظر سپریم کورٹ میں دو ہفتوں تک ورچوول سماعت
اومیکرون کے پیش نظر سپریم کورٹ میں دو ہفتوں تک ورچوول سماعت

سپریم کورٹ کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق 3 جنوری سے اگلے دو ہفتوں تک سماعت صرف ورچوول موڈ کے ذریعے ہوگی۔

نئی دہلی: ہلاکت خیز عالمی وبا کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ ‘اومیکرون’ کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر سپریم کورٹ میں پیر سے آئندہ دو ہفتوں تک ورچوول سماعت کی جائے گی۔

عدالت عظمیٰ کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق 3 جنوری سے اگلے دو ہفتوں تک سماعت صرف ورچوول موڈ کے ذریعے ہوگی۔

سرکلر کے مطابق کووڈ-19 کے پیش نظر 7 اکتوبر 2021 کو جاری کردہ رہنما خطوط میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ آج سے دو ہفتوں کے لیے صرف ورچوول میڈیم کے ذریعے سماعت کے التزمات کئے گئے ہیں۔

کووڈ-19 کے معاملے میں کمی کے پیش نظر اکتوبر میں فزیکل اور ورچوول دونوں طریقوں سے سماعت کے التزمات کئے گئے تھے۔

راجستھان: ملزمان کو پکڑنے گئی پولیس ٹیم پر حملہ

0

راجستھان کے بھرت پور میں ملزموں کو پکڑنے گئی پولیس ٹیم پر حملہ کیا گیا جس میں تین پولیس اہلکاروں کو چوٹیں آئیں۔

بھرت پور: راجستھان کے بھرت پور میں سیکری تھانہ علاقہ کے تحت کانگلا کے باس گاؤں میں آج ملزموں کو پکڑنے گئی پولیس ٹیم پر حملہ کیا گیا جس میں تین پولیس اہلکاروں کو چوٹیں آئیں اور پولیس کی گاڑی میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔

پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت کر لی ہے اور ان کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کی شکایت درج کر لی ہے۔ تاہم اس واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں کو گاؤں سے خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے لوگوں پر حملہ کرنے والے ملزم علیم اور عظمت کو پکڑنے کے لیے گاؤں میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔

بتایا گیا کہ پولیس نے جیسے ہی عظمت کو پکڑا، اس کے چیخنے کی آواز سن کر اس کے گھر والے ہاتھوں میں لاٹھی ڈنڈے لے کر آگئے اور پولیس پر حملہ کردیا۔

عظمت اور علیم کے گھر کی خواتین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ واقعے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ پولیس کی گاڑی کے شیشے سمیت گاڑی کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس اہلکار کسی طرح اپنی جان بچا کر موقع سے واپس آگئے۔

کورونا: مغربی بنگال میں پیر سے سخت کووڈ پابندیاں

0

 مغربی بنگال میں کووڈ کیسوں میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی سرگرمیاں بند

کولکاتہ: مغربی بنگال حکومت نے اتوار کو ریاست میں کووڈ کیسوں میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی سرگرمیاں بند کرنے اور شام 7 بجے تک 50 فیصد گنجائش کے ساتھ لوکل ٹرینوں کو چلانے کی اجازت دینے کے علاوہ دیگر پابندیوں کا اعلان کیا۔

ریاست کے چیف سکریٹری ایچ کے دویدی نے یہ اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری دفاتر، نجی دفاتر اور ادارے ایک وقت میں 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کریں گے۔ اس کے ساتھ جہاں تک ممکن ہو سکے ’گھر سے کام‘ کو فروغ دیا جائے گا۔

مسٹر دویدی نے کہا کہ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے موجودہ پابندیوں اور رعایتوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ سفارش کی ہے۔

زرمبادلہ کے ذخائر 5.87 ملین ڈالر گھٹ کر 635.08 بلین ڈالر رہ گئے

0
زرمبادلہ کے ذخائر 5.87 ملین ڈالر گھٹ کر 635.08 بلین ڈالر رہ گئے
زرمبادلہ کے ذخائر 5.87 ملین ڈالر گھٹ کر 635.08 بلین ڈالر رہ گئے

ریزرو بینک آف انڈیا کے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا سب سے بڑا جزو غیر ملکی کرنسی کے اثاثے 24 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 84.7 ملین ڈالر سے گھٹ کر 573.36 بلین ڈالر رہ گئے۔

ممبئی: ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 24 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 5.87 ملین ڈالر سے گھٹ کر 635.08 بلین ڈالر رہ گئے، جبکہ گزشتہ ہفتہ بھی 16 ملین ڈالر سے گھٹ کر 635.66 بلین ڈالر رہ گئے تھے۔

ریزرو بینک آف انڈیا کے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا سب سے بڑا جزو غیر ملکی کرنسی کے اثاثے 24 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 84.7 ملین ڈالر سے گھٹ کر 573.36 بلین ڈالر رہ گئے۔ اسی عرصے کے دوران سونے کے ذخائر 20.7 ملین ڈالر کے اضافے سے 39.39 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔

اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر ایس ) زیر جائزہ ہفتے میں 2.4 ملین ڈالر بڑھ کر 19.11 بلین ڈالر ہو گئے۔ اسی طرح بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ذخائر 2.8 ملین ڈالر سے بڑھ کر 5.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔

جنیوا: دنیا کے متعدد ممالک میں اومیکرون کا پھیلاؤ جاری

0
جنیوا: دنیا کے متعدد ممالک میں اومیکرون کا پھیلاؤ جاری
جنیوا: دنیا کے متعدد ممالک میں اومیکرون کا پھیلاؤ جاری

دنیا کے کئی ممالک میں اومیکرون کا پھیلاؤ جاری ہے، کورونا ویرینٹ کیسز کی تعداد لاکھوں میں سامنے آرہی ہے۔

جنیوا: دنیا کے کئی ممالک میں اومیکرون کا پھیلاؤ جاری ہے، کورونا ویرینٹ کیسز کی تعداد لاکھوں میں سامنے آرہی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکہ میں مزید 4 لاکھ تینتالیس ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ فرانس میں سوا لاکھ سے زائد کیسز کے باوجود پابندیاں نہیں لگائی گئیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہنوم نئے سال پر عالمی برادری کی مدد سے کورونا کو ہرانے کے لیے پرعزم ہیں۔

برطانیہ میں کی گئی تحقیق کے مطابق ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلے میں اومیکرون ویرینٹ سے متاثر افراد کے اسپتال میں داخل ہونے کا امکان تقریباً پچاس فیصد کم ہو جاتا ہے۔ اومیکرون سے تحفظ کے لیے ویکسین کی دو خوراک لگوانے والے افراد کا اسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ 65 فیصد کم ہو جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جانوروں پر کی جانے والی ایک تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ گزشتہ ویرینٹ کے مقابلے اومیکرون پھیپھڑوں کو کم نقصان پہنچا رہا ہے۔

مغربی بنگال: کورونا وائرس کیسز میں اضافے کی وجہ سے دو سرکاری پروگرام منسوخ

0

ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو کے مطابق مغربی بنگال میں اس وقت لاک ڈاؤن نہیں لگایا جائے گا۔

کلکتہ: مغربی بنگال حکومت نے کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافے کے بعد اپنے دو سرکاری پروگراموں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے بعد یہ قیاس آرائی شروع ہوگئی ہے کہ پیر سے ریاست میں مرحلہ وار پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں۔

پیر کو نیتا جی انڈور اسٹیڈیم میں ’’یوم طلبا‘‘ منایا جانا تھا اور اس میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی شرکت کرنے والی تھیں مگر اس کو موخر کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ’’حکومت آپ کے دروازے‘‘ (دوارے سرکار) پروگرام کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

بدھ کو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اشارہ دیا تھا کہ اگر کورونا کے پھیلنے کی یہی رفتار رہی تو ایک مرتبہ پھر اسکول اور کالج کو بند کیا جاسکتا ہے۔

تاہم ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو کے مطابق ریاست میں اس وقت لاک ڈاؤن نہیں لگایا جائے گا۔ ٹرین، بس اور میٹرو خدمات کو فوری طور پر بند نہیں کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ صورت حال کا تجزیہ کرنے کے بعد مرحلہ وار پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

اس وقت بنگال میں انفیکشن کی شرح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، لیکن اسپتالوں میں نہ کورونا کے بیڈ کی قلت ہوئی ہے اور نہ ہی آکسیجن یا دیگر طبی آلات کی کمی کی کوئی شکایت سامنے آئی ہے۔ اس کے علاوہ، اگرچہ انفیکشن کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، لیکن اموات کی شرح دوسری لہر کی طرح تشویشناک نہیں ہے۔

اس وقت ریاست میں کورونا کے 80 فیصد مریض غیر علامتی ہیں۔ 20 فیصد مریض علامات کے ساتھ۔ ان میں سے 17 فیصد گھریلو علاج سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ صرف 3 فیصد کو اسپتال میں داخل ہونا پڑتا ہے۔

کئی ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس بار مریضوں میں علامات اور اموات کی شرح کم ہونے کی وجہ ویکسینیشن ہے۔