بدھ, جون 24, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 61

پاسپورٹ گھوٹالہ: مغربی بنگال اور سکم میں سی بی آئی کا چھاپہ، 16 افسران سمیت 24 کے خلاف معاملہ درج

0
پاسپورٹ-گھوٹالہ:-مغربی-بنگال-اور-سکم-میں-سی-بی-آئی-کا-چھاپہ،-16-افسران-سمیت-24-کے-خلاف-معاملہ-درج

فرضی دستاویزات کی بنیاد پر پاسپورٹ جاری کیے جانے کے الزام میں سی بی آئی نے 24 افراد کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ ان میں سرکاری افسران کے ساتھ ہی کچھ دیگر افراد بھی شامل ہیں۔ ایجنسی افسران نے 14 اکتوبر کو اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ سی بی آئی نے پاسپورٹ گھوٹالہ معاملے میں مغربی بنگال اور سکم میں تقریباً 50 مقامات پر چھاپہ ماری کی ہے۔

سی بی آئی افسران کے مطابق ایجنسی نے گنگٹوک میں تعینات ایک افسر اور ایک بچولیے کو حراست میں بھی لیا ہے۔ ان لوگوں سے پورے معاملے کو لے کر پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میں کئی لوگوں کے نام مزید سامنے آ سکتے ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ غیر مقامی باشندوں سمیت نااہل اشخاص کو رشوت لے کر جعلی دستاویزات کی بنیاد پر پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملے میں درج کی گئی ایف آئی آر میں 16 افسران سمیت 24 اشخاص کے نام شامل ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے بتایا کہ سی بی آئی ٹیم کو جانکاری ملی کہ سرکاری افسران کی مدد سے ایک شخص ایسے نیٹورک کا حصہ بنا ہے جو جعلی کاغذات پر پاسپورٹ جاری کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اس معاملے میں چھاپہ ماری میں شامل ایک سینئر افسر نے کہا کہ ’’فی الحال تلاشی چل رہی ہے اور کئی مشتبہ افراد رڈار پر ہیں۔ ہم نے ریکٹ میں سرکاری افسران کے شامل ہونے سے جڑے دستاویزات برآمد کیے ہیں۔‘‘

دوسری طرف سی بی آئی نے جمعہ کے روز پورٹ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تحت کام کر رہے ایک ڈاکٹر کو 54000 روپے کی رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ افسر نے کہا کہ جال بچھا کر ہیلتھ افسر کو جمعرات کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھ پکڑا گیا۔ اس کے بعد اس کے خلاف ایک معاملہ درج کیا گیا۔ سی بی آئی افسران نے ملزم کے پارادیپ، کٹک اور بالاسور واقع احاطوں کی تلاشی بھی لی اور 17 لاکھ روپے کے ساتھ ساتھ 20558 امریکی ڈالر نقد ضبط کرنے کے علاوہ کئی دستاویز بھی برآم دکیے۔ ان میں اڈیشہ اور تلنگانہ کے حیدر آباد میں مختلف مقامات پر ملکیتوں کے دستاویز شامل ہیں۔

بینک میں نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر ٹھگی کرنے والی خاتون سمیت دو گرفتار

0
بینک-میں-نوکری-دلانے-کا-جھانسہ-دے-کر-ٹھگی-کرنے-والی-خاتون-سمیت-دو-گرفتار

غازی آباد: غازی آباد کی ویو سٹی پولیس نے نوکری دلانے کے نام پر ٹھگی کرنے والی ایک خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل، 17 سم کارڈز سمیت کئی دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔ متاثرہ اکشے تومر نے 11 اکتوبر کو شکایت درج کرائی تھی۔ جس کے مطابق ملزمان نے نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر رقم ہڑپ کر لی۔ پولیس نے مخبر کی اطلاع پر ارشد اور پوجا کشیپ کو گرفتار کر لیا۔

تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ پوجا، عمران، ارشد، معظم فریدی گینگ بنا کر کام کرتے تھے۔ انہوں نے پلاٹینا ہاؤس، سیکٹر-58، نوئیڈا میں کرایہ پر جگہ لی تھی۔ ملزمان نوکریوں کے حوالے سے لوگوں کو فون کر کے ان سے بائیو ڈیٹا مانگتے تھے۔ پہلے لوگوں سے کم پیسے لیے جاتے تھے۔ جب ان کے پیسے آتے تو عمران اور معظم فریدی انٹرویوز کرواتے۔

انٹرویو کے بعد دوبارہ رقم وصول کی جاتی تھی اور اس کے بعد اعلیٰ عہدے کے نام پر دھوکہ دہی کرتے تھے۔ یہ گروہ لوگوں کو جعلی آفر لیٹر بھی دیتا تھا۔ تاہم متاثرین کو اعلیٰ عہدوں پر فائز کرنے کے بجائے سیلز کے کام میں لگا دیا جاتا تھا۔ بہت سے لوگ تھک ہار کر کام چھوڑ دیتے تھے۔

امریکہ جانے کا ارادہ رکھنے والے ہندوستانیوں کے لیے خوشخبری

0
امریکہ-جانے-کا-ارادہ-رکھنے-والے-ہندوستانیوں-کے-لیے-خوشخبری

نئی دہلی: امریکہ جانے کا ارادہ رکھنے والے ہندوستانیوں کے لیے خوشخبری ہے۔ امریکہ نے حال ہی میں ہندوستانی تارکین وطن کو ذہن میں رکھتے ہوئے امیگریشن سروسز یعنی امیگریشن کے عمل میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں، جس سے گرین کارڈ کے منتظر ہزاروں ہندوستانیوں کو راحت ملے گی۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کچھ نان امیگرنٹ کیٹیگریز (بشمول گرین کارڈز کے منتظر افراد) کو پانچ سال کے لیے ایمپلائمنٹ اتھارٹی کارڈ فراہم کرے گا، جس سے وہاں رہنے والے لوگوں کو سہولت ملے گی۔ ہندوستان سے امریکہ جانا بہت سے نوجوانوں کا خواب ہوتا ہے۔ ہندوستان سے امریکہ جانے کے لیے انہیں بہت مشکل عمل سے گزرنا پڑتا ہے اور بہت سے اصول و ضوابط پر عمل کرنا پڑتا ہے۔

ایک بار جب آپ کو امریکی کمپنیوں سے نوکری کا آفر لیٹر مل جاتا ہے تو سب سے بڑا عمل گرین کارڈ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ اس عمل میں لوگوں کو بہت سے ٹیسٹوں اور انٹرویوز سے گزرنا پڑتا ہے۔ اب تک امریکہ صرف تین سال کے لیے ایسے ویزے جاری کرتا تھا جس کی تین سال بعد تجدید کروانا پڑتی تھی لیکن اب یہ اصول بدل گیا ہے۔

امریکہ نے اس کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ سہولت پورے عمل کے مکمل ہونے کے بعد پانچ سال تک دستیاب رہے گی۔ اس عمل پیش رفت سے امریکہ کے متعلقہ محکمہ کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہیں ہر ماہ لاکھوں درخواستیں موصول ہوتی ہیں اور انہیں نمٹانے میں کافی وقت لگتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس اصول کے نفاذ سے ان کے کام کا بوجھ 20 فیصد تک کم ہو جائے گا۔

گرین کارڈ امریکی حکومت کا سرکاری رہائشی کارڈ ہے۔ امریکہ دنیا کے کئی ممالک کو عارضی تارکین وطن کارڈ جاری کرتا ہے۔ اس کارڈ کے ذریعے آپ کئی سال تک امریکہ میں رہ سکتے ہیں۔ 11 لاکھ لوگوں نے ہندوستان سے امریکہ یہ کارڈ حاصل کرنے کے لیے درخواست دی ہے۔

دہلی میں فضائی آلودگی، 13 ہاٹ اسپاٹ کے سلسلہ میں خصوصی حکمت عملی تیار

0
دہلی-میں-فضائی-آلودگی،-13-ہاٹ-اسپاٹ-کے-سلسلہ-میں-خصوصی-حکمت-عملی-تیار

نئی دہلی: ملک کی راجدھانی دہلی میں آلودگی کی سطح میں ہر دن کے ساتھ اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ آج بھی دہلی کے کئی علاقوں میں صبح کے وقت آسمان پر دھند چھائی ہوئی تھی۔ اس دوران دہلی کے چیف سکریٹری نے دہلی میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے خصوصی حکم جاری کیا ہے۔ دہلی کے 13 ہاٹ سپاٹ پر آلودگی کو روکنے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

دہلی کے جن 13 ہاٹ سپاٹ کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے وہ آنند وہار، وویک وہار، دوارکا، اوکھلا، وزیر پور، اشوک وہار، آر کے پورم، بوانا، نریلا، جہانگیر پوری، روہنی، منڈکا اور پنجابی باغ ہیں۔ ایم سی ڈی اور این ڈی ایم سی کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان ہاٹ سپاٹ کے لیے ٹارگٹڈ اور مخصوص اقدامات کو تیز کریں۔

دہلی کے تمام 11 اضلاع کے لیے پہلی بار مانیٹرنگ کمیٹیاں بنائی گئی ہیں، جن کی سربراہی ایک کوآرڈینیٹر کریں گے اور ان میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، ڈی سی پی ٹریفک، ڈپٹی کمشنر ایم سی ڈی، چیف انجینئر ڈی ڈی اے اور دیگر افسران بطور ممبر شامل ہوں گے۔ مانیٹرنگ کمیٹیاں جی آر اے پی کے رہنما خطوط پر عمل درآمد کریں گی اور دیگر کاموں کے ساتھ فیلڈ وزٹ بھی کریں گی۔

ڈی ایم کے خواتین اجلاس میں شرکت کریں گی سونیا گاندھی

0
ڈی-ایم-کے-خواتین-اجلاس-میں-شرکت-کریں-گی-سونیا-گاندھی

چنئی: کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی ہفتہ کو ہونے والی ڈی ایم کے کی خواتین کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ یہ کانفرنس، ‘مگلیر اورمائی مناڈو’، ڈی ایم کے کے آنجہانی سرپرست اور سابق وزیر اعلی ایم کروناندھی کی صد سالہ تقریبات کا حصہ ہے۔

ڈی ایم کے خواتین ونگ کی سربراہ اور ایم پی کنیموزی کروناندھی نے ایک بیان میں کہا کہ کانفرنس میں مرکز سے مطالبہ کیا جائے گا کہ خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کو فوری طور پر نافذ کیا جائے۔ میٹنگ میں سونیا گاندھی کی شرکت کو کانگریس اور ڈی ایم کے کے درمیان ہم آہنگی کی ایک بڑی علامت سمجھا جا رہا ہے اور ان کی موجودگی سے کانفرنس اور اس طرح ڈی ایم کے کو بڑا فروغ ملے گا۔

تمل ناڈو کانگریس کمیٹی (ٹی این سی سی) کے صدر اور کانگریس کے سینئر لیڈر کے ایس الاگیری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سونیا گاندھی پروگرام کے موقع پر پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل اے سے بھی مل سکتی ہیں۔

مہاراشٹر کے وزیر چھگن بھجبل کو جان سے مارنے کی دھمکی، پولیس نے شروع کیں تحقیقات

0
مہاراشٹر-کے-وزیر-چھگن-بھجبل-کو-جان-سے-مارنے-کی-دھمکی،-پولیس-نے-شروع-کیں-تحقیقات

ممبئی: مہاراشٹر کی ایکناتھ شندے حکومت میں خوراک اور عوامی ترسیل کے وزیر چھگن بھجبل کو ان کے ذاتی نمبر سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ پر ایک نامعلوم فون نمبر سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ اس حوالے سے تھانے میں شکایت درج کرائی گئی ہے، جس کے بعد پولیس نے دھمکی دینے والے شخص کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کی شام نیشنلسٹ کانگریس پارٹی میں بغاوت کرنے والے اجیت پوار دھڑے کے لیڈر بھجبل کے پیغامات موصول ہوئے تھے۔ دھمکی میں لکھا تھا، ’’آپ زیادہ دیر زندہ نہیں رہیں گے۔ ہم اس وقت تک آرام نہیں کریں گے جب آپ کو ختم نہ کر دیں۔ بہتر ہوگا کہ آپ ہوشیار رہیں، ہم آپ کو دیکھ لیں گے۔‘‘

اس دھمکی آمیز پیغام کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ناسک این سی پی کے نوجوان لیڈر امباداس جے کھیرے نے امباڈ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے، جس کے بعد پولیس نے وزیر کو دھمکی دینے والے شخص کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس دھمکی بھیجنے والے نمبر کو ٹریس کر رہی ہے۔

اس دوران پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مقبول او بی سی لیڈر چھگن بھجبل گزشتہ چند دنوں میں مراٹھا ریزرویشن کے لیے ریاست میں جاری تحریک کے بارے میں کچھ سخت خیالات کا اظہار کرنے کے لیے اچانک سرخیوں میں آئے ہیں، جس کی وجہ سے کچھ طبقے ان سے ناراض ہیں۔ ممکن ہے جان سے مارنے کی دھمکیاں اسی سے متعلق ہوں۔

ایم پی انتخابات: بی جے پی میں بغاوت کا سلسلہ جاری، ایک اور ناراض رکن اسمبلی پارٹی سے متعفی

0
ایم-پی-انتخابات:-بی-جے-پی-میں-بغاوت-کا-سلسلہ-جاری،-ایک-اور-ناراض-رکن-اسمبلی-پارٹی-سے-متعفی

بھوپال: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے نارائن ترپاٹھی نے پارٹی اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ پچھلے کئی مہینوں سے پارٹی سے ناراض چل رہے تھے۔ بالآخر انہوں نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔ انہوں نے اسمبلی اسپیکر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر کو الگ الگ خط لکھ کر استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اگرچہ، انہوں نے وندھیہ جنتا پارٹی (وی جے پی) سے ایک نئی سیاسی پارٹی رجسٹر کی ہے لیکن پھر بھی ان کے مستقبل کے بارے میں کافی باتیں ہو رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نارائن ترپاٹھی کی ناراضگی کے درمیان ہی بھارتیہ جنتا پارٹی نے میہر سے ان کا ٹکٹ بھی منسوخ کر دیا ہے۔ پارٹی نے مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کے حامی شری کانت چترویدی کو یہاں سے اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔ نارائن ترپاٹھی کے بارے میں چرچا ہے کہ وہ ایک بار پھر سب کو حیران کر سکتے ہیں اور پارٹی بدل سکتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ نارائن ترپاٹھی نوراتری کے دوران اپنی پرانی پارٹی کانگریس میں شامل ہو سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ نارائن ترپاٹھی اب تک ایس پی، کانگریس اور بی جے پی سے چار بار ایم ایل اے منتخب ہو چکے ہیں۔ اس مدت کے دوران، ان کے کانگریس میں شامل ہونے کی بہت سی قیاس آرائیاں تھیں لیکن وہ اسمبلی انتخابات کے اعلان تک بی جے پی میں ہی رہے۔

اب نارائن ترپاٹھی نے بالآخر بھارتیہ جنتا پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے اور کانگریس میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں تیز کر دی ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔ نارائن ترپاٹھی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی کانگریس میں شامل ہوں گے اور میہر اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔

اسرائیل سے ہندوستانیوں کو لے کر بحفاظت دہلی پہنچی دوسری پرواز، 235 لوگوں کی وطن واپسی

0
اسرائیل-سے-ہندوستانیوں-کو-لے-کر-بحفاظت-دہلی-پہنچی-دوسری-پرواز،-235-لوگوں-کی-وطن-واپسی

نئی دہلی: اسرائیل اور حماس کی جاری جنگ کے درمیان ہندوستان نے اسرائیل سے ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے ‘آپریشن اجے’ شروع کیا ہے۔ انخلاء کے اس آپریشن کے تحت اسرائیل سے ہندوستانیوں کا دوسرا قافلہ دہلی پہنچ گیا ہے۔ ایک خصوصی طیارہ 235 ہندوستانی شہریوں کو لے کر دہلی پہنچا۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور راج کمار رنجن سنگھ شہریوں کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر موجود تھے۔

ہندوستانی شہریوں کے دوسرے قافلہ میں دو نومولود بچوں سمیت 235 شہری شامل تھے۔ انہیں اسرائیل سے جمعہ (13 اکتوبر) کو بحفاظت باہر نکالا گیا تھا۔ مقامی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے طیارے نے اسرائیل سے ٹیک آف کیا۔ اس سے ایک دن پہلے 212 ہندوستانیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے ہندوستان لایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ہندوستان نے جمعرات کو آپریشن اجے کا اعلان کیا۔ اس کا مقصد اسرائیل میں رہنے والے ہندوستانیوں کی محفوظ واپسی ہے۔ اس آپریشن کے ذریعے اسرائیل سے صرف ان لوگوں کو لایا جا رہا ہے، جو وہاں سے آنے کے لیے تیار ہیں۔

اسرائیل میں ہندوستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ہندوستانی شہریوں کے انخلاء کا عمل ہفتہ (14 اکتوبر) کو بھی جاری رہے گا۔ سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’سفارت خانے نے آج خصوصی پرواز کے لیے رجسٹرڈ ہندوستانی شہریوں کے اگلے بیچ کو ای میل کیا ہے۔ بعد کی پروازوں کے لیے دوسرے رجسٹرڈ لوگوں کو ایک پیغام بھیجا جائے گا۔ مسافروں کا انتخاب ‘پہلے آئیے پہلے پائیے’ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے مسافروں کو اپنی معلومات سفارتخانے کے ڈیٹا بیس میں فیڈ کرنا ہوگی۔‘‘

اسرائیل میں رہنے والے ہندوستانیوں کی تعداد 18000 ہے۔ ان میں زیادہ تر طلباء، آئی ٹی پروفیشنلز اور ہیروں کے تاجر شامل ہیں۔ ہندوستان واپس آنے والے لوگوں کو واپس لانے کے اخراجات حکومت خود برداشت کر رہی ہے۔ ہندوستانی شہریوں کی وطن واپسی کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیونکہ حماس کے غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر حملہ کے بعد وہاں جنگ کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

طلاق اس زندگی میں تو اب ممکن نہ رہی!

0
طلاق-اس-زندگی-میں-تو-اب-ممکن-نہ-رہی!

بھارت کی سپریم کورٹ نے نواسی سالہ نرمل سنگھ کو اپنی بیاسی سالہ بیوی پرمجیت کو طلاق دینے کے قانونی حق سے محروم کر دیا ہے۔ پرمجیت کا کہنا ہے کہ وہ اس عمر میں بھی اپنی ازدواجی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں شادی کا بندھن پاک اور معتبر ہے، اس لیے صرف ایک فریق کے مطالبے پر شادی ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ نرمل سنگھ نے سن 1963 میں شادی کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ سن 1984 میں ان کی شادی ناکام ہو گئی تھی۔ تب سے ہی وہ اپنی اہلیہ کو طلاق دینے کی کوشش میں تھے۔ ان کی اہلیہ پرمجیت کور کی عمر اس وقت بیاسی برس ہے۔ ناچاقی اور لڑائی جھگڑوں کے باوجود وہ طلاق نہیں چاہتی ہیں۔

بھارتی شہری نرمل سنگھ پینیسار نے پہلی مرتبہ ستائیس سال قبل کوشش کی تھی کہ وہ اپنی اہلیہ سے قانونی طور پر علیحدگی اختیار کر لیں۔ تاہم متعدد کوششوں کے باوجود اب ان پر یہ واضح ہو گیا ہے کہ کم ازکم اس جنم میں تو وہ اپنی بیوی کو قانونی طور پر طلاق نہیں دے سکتے ہیں۔

بھارت میں طلاق کو ایک اخلاقی برائی قرار دیا جاتا ہے۔ نہ صرف گھروالوں کی کوشش ہوتی ہے کہ میاں بیوی ناچاقی کے باوجود بھی الگ نہ ہوں بلکہ ساتھ ہی قانونی نظام میں بھی ایسی پیچیدگیاں ہیں کہ طلاق دینے کا عمل کافی زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق شاید اسی لیے بھارت میں سو میں سے صرف ایک جوڑے کے مابین ہی قانونی طور پر علیحدگی ہوتی ہے۔

نرمل سنگھ نے سن 1986 میں پہلی مرتبہ طلاق کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا۔ ایک ڈسٹرکٹ کورٹ نے ان کی طلاق کی منظوری دے دی تھی لیکن ان کی اہلیہ پرمجیت کی درخواست پر اسی سال اس عدالتی فیصلے کو واپس لے لیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ یہ تسلیم کرتی ہے کہ یہ شادی اب درست سمت نہیں جا سکتی لیکن قانونی پیچدگیاں ایسی ہیں کہ نرمل سنگھ اپنی بیوی کو طلاق نہیں دے سکتے ہیں۔

عدالت نے اپنے تازہ فیصلے میں کہا کہ طلاق دراصل پرمجیت کے ساتھ ناانصافی ہو گی۔ اس خاتون نے عدالت سے گزارش کی تھی کہ وہ اپنی باقی ماندہ زندگی ایک طلاق شدہ عورت کا طعنہ سن کر نہیں گزار سکتی ہیں، اس لیے عدالت اس مقدمے کو خارج کر دے۔

پرمجیت نے عدالت کو یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ اس بڑھاپے میں بھی وہ اپنی تمام تر ازدواجی ذمہ دارایاں نبھانے کے لیے تیار ہیں اور اپنے بزرگ شوہر کا خیال رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔ نرمل سنگھ اور پرمجیت کے تین بچے بھی ہیں۔

یہ مقدمہ بھارتی عدالتی نظام کی سست روی کی ایک مثال بھی ہے۔ صرف اس سیول مقدمے کے فیصلے تک پہنچنے میں عدالت نے ستائیس برس کا وقت لیا۔ بھارتی حکومت کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 43.2 ملین کیسز التوا کا شکار ہیں۔

دیوالی سے پہلے مسافروں کو ملنے والی ہے 9 وندے بھارت ٹرینوں کی خوشخبری!

0
دیوالی-سے-پہلے-مسافروں-کو-ملنے-والی-ہے-9-وندے-بھارت-ٹرینوں-کی-خوشخبری!

ہندوستانی ریلوے لگاتار نئے نئے روٹ پر وندے بھارت ٹرینیں چلا رہا ہے تاکہ مسافروں کے لیے آسانیاں میسر ہو سکیں۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ریلوے کی طرف سے الگ الگ ریاستوں میں مزید وندے بھارت ٹرینیں جلد شروع کرنے کا امکان ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ریلوے دیوالی سے پہلے ملک میں 9 نئے وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو الگ الگ روٹ پر شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینیں سنٹرل ریلوے ڈویژن میں چلائی جا سکتی ہیں۔ حالانکہ سیمی ہائی اسپیڈ ٹرینوں کے روٹ سے متعلق فی الحال آخری فیصلہ لیا جانا باقی ہے۔ ملک کے وسطی علاقہ میں بہتر رابطہ کے لیے اب تک تین روٹ یعنی راستے تجویز کیے گئے ہیں۔ یہ روٹ ہیں ممبئی سے جالنہ، پونے سے سکندر آباد، ممبئی سے کولہاپور۔ 6 دیگر روٹ کے بارے میں جلد ہی فیصلہ لیا جا سکتا ہے، کیونکہ ٹرینوں کے رسمی طور سے چلنے سے پہلے روٹ کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔

ایک طرف جہاں 9 وندے بھارت ایکسپریس روٹ کا اعلان اور تصدیق ہونا باقی ہے، وہیں دوسری طرف انڈین ریلوے وارانسی سے دوسرے سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ ٹرین 8 کوچ کے ریک کے ساتھ وارانسی اور ٹاٹانگر کے درمیان چلے گی۔ نئی وارانسی-ٹاٹا نگر وندے بھارت ایکسپریس 6 ہالٹ اسٹیشنوں پر رکے گی۔ ان میں ٹاٹا نگر جنکشن، پرولیا جنکشن، بوکارو سٹی، گیا جنکشن، پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن اور وارانسی جنکشن شامل ہیں۔

وارانسی-ٹاٹانگر وندے بھارت ایکسپریس کے وقت سے متعلق بات کریں تو یہ ٹرین ٹاٹا نگر جنکشن سے صبح 6 بجے کھلے گی۔ یہ دوپہر 1.50 بجے وارانسی جنکشن پہنچے گی۔ 574 کلومیٹر طویل سفر ملک کی سب سے تیز ٹرین کے ذریعہ تقریباً 7 گھنٹے اور 50 منٹ میں طے کی جائے گی۔ ٹاٹا نگر واپس جانے کے لیے ٹرین وارانسی جنکشن سے دوپہر 2.35 بجے روانہ ہوگی اور رات 10 بجے اپنی آخری منزل پر پہنچے گی۔