جمعہ, جولائی 3, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 370

دہلی میں مہاجر مزدوروں کے لئے پالیسی بنانے کا مطالبہ

0
دہلی میں مہاجر مزدوروں کے لئے پالیسی بنانے کا مطالبہ
دہلی میں مہاجر مزدوروں کے لئے پالیسی بنانے کا مطالبہ

آہستہ آہستہ مزدور سڑکوں پر چلنے، بس اور ریلوے اسٹیشن کے پاس جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ مزدوروں کو یہ خوف ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ سے پھر طویل لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔

نئی دہلی: بندھوا مزدور مکتی مورچہ نے دہلی میں مہاجر مزدور پالیسی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مہاجر کنبے کو 10،000 روپے ہر ماہ دیے جانے چاہئے۔

مورچہ کے جنرل سکریٹری نرمل گورانا نے پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ مہاجر مزدوروں کی نقل مکانی روکنے کے لئے مہاجر مزدور پالیسی لاگو کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ ۔ 19 کی دوسری لہر کے دوران مہاجر مزدوروں نے ایک بار پھر جائے کار چھوڑ کر اپنی ریاست کی طرف ہجرت کرنے لگے ہیں۔

آہستہ آہستہ مزدور سڑکوں پر چلنے، بس اور ریلوے اسٹیشن کے پاس جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ مزدوروں کو یہ خوف ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ سے پھر طویل لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کسی بھی حکومت کے پاس مہاجر مزدوروں کے لئے دور دور تک کوئی پالیسی دکھائی نہیں دیتی ہے۔ اس کا نتیجہ ہے کہ مہاجر مزدور دوسری ریاستوں میں بے بس محسوس کر رہے ہیں۔ آج مہاجر مزدور پھر سے مجبور ہو گئے ہیں۔

مسٹر گورانا نے کہا کہ پہلے مزدوروں کی رجسٹریشن کرکے، انہیں سماجی تحفظ کے طور پر دس ہزار روپے فی کنبہ دیے جائیں تاکہ مزدور اس وبا کے دوران شہروں سے نقل مکانی نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر مزدوروں کی رجسٹریشن فوری طور پر شروع کی جائے اور مہاجر مزدوروں کو مفت کھانا اور راشن فراہم کیا جائے۔

معروف فکشن اور ناول نگار مشرف عالم ذوقی کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال، سرکردہ ادیبوں اور صحافیوں کا اظہار تعزیت

0

مشرف عالم ذوقی عصر حاضر کے معتبر ناول نگار تھے۔ اپنی منفرد تخلیقات کے سبب وہ نمایاں شناخت رکھتے تھے۔ ان کی پیدائش 24 نومبر 1963 کو بہار کے ضلع آرہ میں ہوئی تھی۔ انہوں نے مگدھ یونیورسٹی سے ایم اے کی سند حاصل کی تھی۔ وہ بنیادی طور پر دوردرشن کے لئے ٹی وی سیریل بناتے تھے اور قلم ہی ان کا ذریعہ معاش تھا۔

نئی دہلی: معروف فکشن نگار اور حالات کی عکاسی کرنے والے مشہور ناول نگار مشرف عالم ذوقی کا آج یہاں ایک پرائیویٹ اسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے اسپتال میں داخل تھے۔  پسماندگان میں اہلیہ اور ایک بیٹا ہے۔ ان کی عمر تقریباً 58سال تھی۔ ان کی تدفین بعد نماز مغرب خوریجی کی قبرستان میں عمل میں آئے گی مسٹر ذوقی کو قلب کا عارضہ لاحق تھا لیکن وہ اس بار اس سے جانبر نہ ہوسکے۔

وہ عصر حاضر کے معتبرناول نگار تھے۔ اپنی منفرد تخلیقات کے سبب وہ نمایاں شناخت رکھتے تھے۔ ان کی پیدائش 24 نومبر 1963 کو بہار کے ضلع آرہ میں ہوئی تھی۔ انہوں نے مگدھ یونیورسٹی سے ایم اے کی سند حاصل کی تھی۔ انہوں نے ہمیشہ قلم سے رشتہ نبھایا، انہوں نے دہلی میں سچ بالکل سچ میں بھی کام کیا اور اخیر میں راشٹریہ سہارا کے گروپ ایڈیٹر رہے۔ ویسے وہ ہمیشہ فری لانس صحافی رہے۔ وہ بنیادی طور پر دوردرشن کے لئے ٹی وی سیریل بناتے تھے اور قلم ہی ان کا ذریعہ معاش تھا۔

مشرف عالم ذوقی کی مطبوعات کی تعداد

ان کی مطبوعات کی تعداد 50 سے زائد ہے۔ ان کے 14 ناول اور افسانے کے آٹھ مجموعے شائع ہوچکے ہیں۔ حالات حاضرہ میں ان کے لکھے گئے ناول ’مرگ انبوہ‘ اور ’مردہ خانے میں عورت‘ بہت مشہور ہوا ہے اور عالمی سطح پر ان کی پذیرائی ہوئی ہے اور ادیبوں کے درمیان موضوع گفتگو بھی بنا۔

ان کے ناول اور افسانے بہت مشہور ہوئے، ان پر متعدد پی ایچ ڈی ہوچکی ہیں۔ ان کے ناولوں میں ’شہر چپ ہے‘ ’بیان‘، ’مسلمان‘، ’لے سانس بھی آہستہ‘، ’آتش رفتہ کا چراغ‘، ’پروفیسر ایس کی عجیب داستان‘، ’نالہ شب گیر‘، ’ذبح‘، ’مرگ انبوہ‘ اور موضوع بحث’مردہ خانے میں عورت‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہم عصر ادیبوں کے خاکے بھی لکھے۔ دیگر اصناف کی بھی انہوں نے کتابیں لکھیں۔ 1992 میں ان کا پہلا ناول ’نیلام گھر‘ شائع ہوا تھا۔

مشرف عالم ذوقی پر بہار کے آرہ سے تعلق رکھتے تھے

وہ بنیادی طور پر بہار کے آرہ سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کی اہلیہ تبسم فاطمہ بھی افسانہ نگار ہیں ان کا افسانے کا مجموعہ بھی شائع ہوچکا ہے۔ گزشتہ دو ایک دنوں سے ان کی حالت سدھر رہی تھی۔ ان کے انتقال سے اردو دنیا میں زبردست خلا پیدا ہوگیا ہے اور اردو دنیا ایک بہترین افسانہ نگار اور ناول نگار سے محروم ہوگئی ہے۔

مشرف عالم ذوقی متنوع اور مفنرد موضوعات پر قلم اٹھاتے تھے۔ وہ سماج کی بھرپور عکاسی کرتے تھے۔ ان کے ناول میں مسائل کا ذکر ہے جس کو آج دیب و شاعر اٹھانے سے کتراتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ناول میں مختلف موضوعات کا احاطہ کیا ہے۔ برصغیر کے اقلیتوں کے مسائل اور سماجی و انسانی سروکاروں کی مسٹر ذوقی نے اپنی تخلیقات میں بھرپور ترجمانی کی ہے۔ موجودہ عہد کی گھٹن، صارفیت، سیاسی ظلم و زیادتی کو انہوں نے صرف اردو میں ہی تحریر نہیں کیا بلکہ دیگر زبانوں کے زبانوں میں بھی ان کو جگہ دی۔

انہیں ان کی علمی ادبی، تخلیقی خدمات کے اعتراف میں معتدد ایوارڈ سے نواز ا گیا۔

معروف نقاد حقانی القاسمی نے کیا اظہار تعزیت

معروف نقاد حقانی القاسمی نے مشرف عالم ذوقی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرے بہت قریبی تھے۔ ان سے اکثر ملاقاتیں ہوتی رہتی تھیں۔ انہوں نے ہمیشہ قلم کے ساتھ انصاف کیا اور قلم کے وقار کو بحال رکھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ متحرک ادیب اور باخبر انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر ذوقی سے ان کی کتابوں کے حوالے سے اختلافات کیا جاسکتا ہے لیکن ان کو اور ان کی کتابوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

معروف صحافی معصوم مرادآبادی کا اظہار تعزیت

معروف صحافی معصوم مرادآبادی نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر ذوقی کے انتقال کو ادب اور صحافت کے لئے ایک بہت بڑا خلا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس موضوع پر بھی لکھا بے باکی سے لکھا۔ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد مبشر نے بھی کیا اظہار تعزیت

جامعہ ملیہ اسلامیہ شعبہ اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد مبشر نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے مسٹر ذوقی کے انتقال کو اردو زبان و ادب، فکشن اور ناول کے لئے زبردست خلا قرار دیا اور کہا کہ ان کے ناول معاشرے کی تلخ حقیقت بیان کرتے ہیں۔ انہوں نے جس بہادری اور بے باکی کے ساتھ معاشرتی مسائل کو جگہ دی ہے یہ ان کی ہی بس کی بات ہے۔

انجینئر فیروز مظفر کا گہرے دکھ کا اظہار

عالمی تحریک اردو دہلی کے سربراہ اور حلقہ فکر و فن کے صدر انجینئر فیروز مظفر نے مشرف عالم زوقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا مشرف عالم ذوقی میں دلیری اور کچھ اور عادتیں ان کے والد کی طرح تھیں اردو اور ہندی میں یکساں مقبول مسٹر ذوقی کے ناول ہم نے پڑھے تھے۔ وہ راشٹر سہارا کے اردو کے ہیڈ بھی بنائے گئے تو انھوں نے مرے ہوے اخبار میں جان ڈالنے کی کوشش کی اور وہ اس کے لیے میرے والد سے ہی نہیں کبھی کبھی مجھ سے بھی مشورہ کرتے تھے۔ والد صاحب کے بعد دہلی میں ذوقی صاحب ہی ایک ایسے ادیب تھے جو سچ بول لیا کرتے تھے ورنہ زیادہ تر ادیب اور پروفیسر جس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں اس سے اردو ادب زوال کی طرف گامزن ہے۔

دلی میں آج رات سے اگلے پیر کی صبح تک لاک ڈاؤن

0
دلی میں آج رات سے اگلے پیر کی صبح تک لاک ڈاؤن
دلی میں آج رات سے اگلے پیر کی صبح تک لاک ڈاؤن

وزیراعلی اروند کیجریوال نے لیفٹننٹ گورنر انل بیجل کے ساتھ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں آج رات دس بجے سے آئندہ پیر کی صبح پانچ بجے تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

نئی دہلی: دلی میں کورونا انفیکشن انتہا پر پہنچنے کے بعد حکومت نے آج رات دس بجے سے چھ دنوں کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلی اروند کیجریوال نے لیفٹننٹ گورنر انل بیجل کے ساتھ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں آج رات دس بجے سے آئندہ پیر کی صبح پانچ بجے تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

اس دوران سبھی ضروری خدمات کو اس سے باہر رکھا گیا ہے۔ کھانے پینے، میڈیکل اور شادی کی تقاریب منعقد ہوں گی۔ شادی کی تقاریب میں 50 لوگ شرکت کرسکیں گے اور اس کے لئے پاس جاری کئے جائیں گے۔

مسٹر کیجریوال نے کہا کہ گزشتہ دو تین دنوں سے قومی راجدھانی میں ہر روز کورونا کے تقریباً 25 ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آرہے تھے، جس کے سبب صحت کا نظام مفلوج تو نہیں ہوئی تھی لیکن وہ تناؤ میں آگئی تھی۔ انہوں نے موجودہ حالات کو بیحد سنگین بتاتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر کورونا کے سلسلے کو توڑا نہیں جاسکتا ہے۔

مہاجر مزدوروں کو دلی نہ چھوڑنے کی تلقین

انہوں نے کہا کہ راجدھانی میں آکسیجن اور دیگر ضروری ادویات کی زبردست کمی ہوگئی ہے، جس کے تعلق سے مرکز سے بات چیت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے غریبوں کے لئے لاک ڈاؤن کو مشکل وقت بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں دلی چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے۔ یہ چھوٹا لاک ڈاؤن ہے اور غریب لوگ کو اگر یہاں سے جاتے ہیں تو آنے جانے میں ہی پورا وقت گزر جائے گا۔ انہوں نے دوبارہ سے مہاجر مزدوروں کو دلی نہ چھوڑنے کی تلقین کی۔

وزیراعلی نے کہا کہ جلد ہی حالات قابو میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے تعلق سے انہوں نے کسی بھی بات کو چھپایا نہیں ہے اور اسے ایمانداری سے عوام کے سامنے رکھا ہے۔ اس وقت ہر روز کورونا کے ایک لاکھ ٹسٹ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دلی کو دو کروڑ لوگوں کا ایک کنبہ بتایا ہے اور کہا کہ بحران کے وقت میں سبھی کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

نائیجیریا میں آئل ٹینکر دھماکے میں 12 افراد ہلاک

0
نائیجیریا میں آئل ٹینکر دھماکے میں 12 افراد ہلاک
نائیجیریا میں آئل ٹینکر دھماکے میں 12 افراد ہلاک

نائیجیریا کی جنوب مشرقی ریاست بینیو میں آئل ٹینکر میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں ایک بچہ اور تین خواتین شامل ہیں۔

ابوجہ: نائیجریا کے جنوب مشرقی بینوئے ریاست میں ایک تیل کے ٹینکر میں ہوئے دھماکے سے ایک بچہ اور تین خواتین سمیت کم از کم 12 لوگوں کی موت ہوگئی۔

نائیجریا کے معروف روزنامہ پریمیم ٹائمز نے اس کی اطلاع دی۔ بینوئے ریاست میں فیڈرل روڈ سیفٹی کور (ایف آر ایس سی) کے سیکٹر کمانڈر، یعقوب محمد نے اتوار کے روز اخبار کو بتایا کہ تیل ٹینکر کے ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھودیا اور آگاتو کے اوشیگ بڈو گاؤں میں حادثے کا شکار ہوگیا۔

مسٹر محمد کے مطابق دھماکے اور آگ کی وجہ سے آٹھ مرد، تین خواتین اور ایک کمسن لڑکے سمیت 12 لوگوں کی موت ہوگئی۔ ٹینکر میں آگ لگنے سے مقامی دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے اور ایف آر ایس سی اور دیگر امدادی اداروں کو صورتحال پر قابو پانے کے لئے بلایا گیا ہے۔

راجستھان میں کورونا پابندیاں 3 مئی کی صبح تک رہیں گی جاری 

0
راجستھان میں کورونا پابندیاں 3 مئی کی صبح تک رہیں گی جاری 
راجستھان میں کورونا پابندیاں 3 مئی کی صبح تک رہیں گی جاری 

اشوک گہلوت گہلوت نے کہا کہ اس دوران سرکاری دفاتر، بازار، مال اور کام کے مقامات بند رہیں گے۔ تاہم، فیکٹری اور تعمیراتی کام جیسے کارکنوں کے روزگار سے متعلق سرگرمیوں پر پابندی نہیں ہوگی۔ اس کے ساتھ خوانچہ فروش اور پھیری لگاکر ذریعہ معاش حاصل کرنے والے افراد کو روزی کمانے کی آزادی دی جائے گی۔

جے پور: راجستھان حکومت نے عالمی وبا کورونا کے مؤثر کنٹرول اور روک تھام کے لئے ریاست میں آئندہ تین مئی کی صبح 5 بجے تک ویک اینڈ کرفیو جیسی پابندیاں نافذ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلی اشوک گہلوت کی زیر صدارت کل رات گئے تک وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اعلی سطحی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ عوامی ڈسپلن پندرہ روزہ کے تحت مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسٹر گہلوت نے کہا کہ اس دوران سرکاری دفاتر، بازار، مال اور کام کے مقامات بند رہیں گے۔ تاہم، فیکٹری اور تعمیراتی کام جیسے کارکنوں کے روزگار سے متعلق سرگرمیوں پر پابندی نہیں ہوگی۔ اس کے ساتھ خوانچہ فروش اور پھیری لگاکر ذریعہ معاش حاصل کرنے والے افراد کو روزی کمانے کی آزادی دی جائے گی۔

کچھ سرگرمیاں پابندیوں سے مستثنی ہوں گی

انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات، بازاروں اور کام کی جگہوں وغیرہ پر معمول کی عام سرگرمیوں کی وجہ سے بھیڑ کے سبب کورونا انفیکشن بڑھتا جارہا ہے۔ اس پر قابو پانے کے لیے پیر 19 اپریل سے شروع ہونے والے عوامی نظم و ضبط کے پندرہ روزہ میں، ریاست کے تمام کام کے مقامات، کاروباری اداروں اور بازاروں کو بند رکھا جائے۔ نیز عام لوگوں کی سہولت اور ضروری خدمات اور سامان کی مستقل دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ سرگرمیاں پابندیوں سے مستثنی ہوں گی۔

ماسک پہننا روک تھام کا ایک ضروری اقدام

وزیر اعلی نے کہا کہ کووڈ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ماسک پہننا روک تھام کا ایک ضروری اقدام ہے۔ اس کو سختی سے نافذ کرنے کے لئے، عوامی مقامات اور کام کی جگہوں پر ماسک نہ پہننے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

بہار کے سابق وزیر میوالال چودھری کا کورونا انفیکشن سے انتقال

0
بہار کے سابق وزیر میوالال چودھری کا کورونا انفیکشن سے انتقال
بہار کے سابق وزیر میوالال چودھری کا کورونا انفیکشن سے انتقال

میوالال چودھری تین دن پہلے ہی کورونا مثبت ہوئے تھے۔ سانس لینے میں دشواری کے بعد انہیں پٹنہ کے پارس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تاہم ان کی صحت میں بہتری نہیں آ رہی تھی۔ علاج کے دوران پیر کی صبح ان کا انتقال ہوگیا۔

پٹنہ: بہار کے سابق وزیر اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے تارا پور سے ایم ایل اے میوالال چودھری کا آج صبح کورونا انفیکشن کے باعث انتقال ہوگیا۔ وہ 68 برس کے تھے۔

کنبے کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر چودھری تین دن پہلے ہی کورونا مثبت ہوئے تھے۔ سانس لینے میں دشواری کے بعد انہیں پٹنہ کے پارس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تاہم ان کی صحت میں بہتری نہیں آ رہی تھی۔ علاج کے دوران پیر کی صبح ان کا انتقال ہوگیا۔

واضح رہے کہ مسٹر میوالال چودھری، 4 جنوری 1953 کو بہار کے ضلع منگیر میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے زرعی علوم میں پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ راجندر زرعی یونیورسٹی، پوسا، سمستی پور اور بہار زرعی یونیورسٹی، سبور، بھاگل پور کے وائس چانسلر تھے۔ وہ بہار میں زرعی ترقی کے لئے روڈ میپ کے مسودہ کمیٹی کے ممبر بھی تھے۔

مسٹر میوالال چودھری کی سیاسی زندگی کا آغاز

مسٹر چودھری نے مرکزی حکومت میں باغبانی کے کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے باغبانی مشن اور چھوٹے آبپاشی پروجیکٹ کے ساتھ قومی بانس مشن کا مسودہ تیار کرنے میں بھی مدد کی۔ اس کے بعد انہوں نے سال 2010 میں فعال سیاست میں قدم رکھا تھا۔

مسٹر چودھری نے جے ڈی یو کے ٹکٹ پر 2015 بہار کا اسمبلی انتخابات لڑا اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے امیدوار شکونی چودھری کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ بہار زرعی یونیورسٹی میں جونیئر سائنسدان اور پروفیسر کی تقرری میں بے ضابطگیوں کے الزامات عائد ہونے کے بعد انہیں 2017 میں جے ڈی یو سے نکال دیا گیا تھا۔ بعد میں وہ جے ڈی یو میں واپس آگئے تھے۔

بہار میں 2020 کے اسمبلی انتخابات میں، جے ڈی یو نے انہیں منگیر ضلع کے تارا پور سے اپنا امیدوار بنایا اور وہ فاتح بھی ہوئے۔ انہیں وزیر تعلیم بنایا گیا تھا لیکن ماضی میں ان پر لگائے گئے الزامات کے سلسلے میں اپوزیشن کی مخالفت کے بعد انہیں وزیر کا عہدہ چھوڑنا پڑا۔

افغانستان میں مسجد کے اندر مسلح افراد کی فائرنگ، 8 ہلاک

0
افغانستان میں مسجد کے اندر مسلح افراد کی فائرنگ، 8 ہلاک
افغانستان میں مسجد کے اندر مسلح افراد کی فائرنگ، 8 ہلاک

افغان میڈیا کے مطابق جلال آباد میں مسجد کے اندر نامعلوم مسلح افراد نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردی ہے۔

کابل: شورش زدہ افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں مسلح افراد نے مسجد میں فائرنگ کرکے ایک ہی کنبہ کے 8 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

افغان میڈیا کے مطابق جلال آباد میں مسجد کے اندر نامعلوم مسلح افراد نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن میں 5 سگے بھائی اور 3 کزن شامل ہیں جب کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب افغان پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کی ملکیت سے متعلق تنازع پر پیش آیا تاہم واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

کیجریوال کا مودی سے سرکاری اسپتالوں میں بیڈ بڑھانے کا مطالبہ

0
کیجریوال کا مودی سے سرکاری اسپتالوں میں بیڈ بڑھانے کا مطالبہ
کیجریوال کا مودی سے سرکاری اسپتالوں میں بیڈ بڑھانے کا مطالبہ

کیجریوال نے خط میں کہا ہے کہ دہلی میں کورونا کی حالت بے حد نازک ہو گئی ہے۔ کورونا بیڈس اور آکسیجن کی بھاری کمی ہے تقریباً سبھی آئی سی یو بیڈس بھر گئے ہیں۔ اپنی سطح پر ہم سبھی طرح کی کوشش کر رہے ہیں اور اس میں آپ کی بھی مدد کی ضرورت ہے۔

نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے اتوار کو وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مرکزی حکومت کے اسپتالوں میں دس ہزار میں سے سات ہزار بیڈس کورونا مریضوں کے لئے محفوظ کرنے اور آکسیجن مہیا کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مسٹر کیجریوال نے خط میں کہا ہے کہ دہلی میں آکسیجن کی بھاری کمی ہو رہی ہے اس لئے ہمیں فوراً آکسیجن مہیا کرائی جائے۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ ڈی آر ڈی اور 500 آئی سی یو بیڈ بنا رہا ہے، اسے بڑھا کر 1000 بیڈ کردئے جائیں۔ ابھی تک ہمیں مرکز سے کافی تعاون ملا ہے۔ مجھے امید ہے کہ مندرجہ بالا موضوع پر بھی آپ ہماری مدد ضروری کریں گے۔

دہلی میں کورونا کی حالت بے حد نازک

وزیراعلی نے کہا ہے کہ دہلی میں کورونا کی حالت بے حد نازک ہو گئی ہے۔ کورونا بیڈس اور آکسیجن کی بھاری کمی ہے تقریباً سبھی آئی سی یو بیڈس بھر گئے ہیں۔ اپنی سطح پر ہم سبھی طرح کی کوشش کر رہے ہیں اور اس میں آپ کی بھی مدد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے آگے کہا ہے کہ دہلی میں مرکزی حکومت کے اسپتالوں میں تقریباً دس ہزار بیڈ ہیں۔ ابھی تک ان میں سے صرف 1800 بیڈ ہی کورونا کے لئے ریزرو کئے گئے ہیں۔ دہلی میں حالات کی حساسیت کے پیش نظر آپ سے اپیل ہے کہ کم از کم سات ہزار بیڈ کورونا کے لئے ریزرو کئے جائیں۔ دہلی میں آکسیجن کی بھی بھاری کمی ہو رہی ہے۔ ہمیں آکسیجن بھی فوراً مہیا کرائی جائے۔

وزیراعلی نے کہا ہے کہ ان سبھی کی معلومات میں نے کل مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کو اور آج صبح مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی دے دی ہے۔

اسرائیل میں گھر سے باہر ماسک لگانے کی پابندی ختم

0
اسرائیل میں گھر سے باہر ماسک لگانے کی پابندی ختم
اسرائیل میں گھر سے باہر ماسک لگانے کی پابندی ختم

اسرائیل میں کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی آنے پر ہیلتھ ڈائریکٹر ہیزی لیوی کو پابندی کو منسوخ کرنے کے حکم پر دستخط کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ لوگوں کے لئے سنیچر سے کھلے میں ماسک لگانا ضروری نہیں ہوگا۔

تل ابیب: اسرائیل کی وزارت صحت نے ملک میں کامیاب ٹیکہ کاری کے سبب مریضوں کی تعداد میں کافی کمی آنے کے بعد لوگوں کے لئے کھلی ہوا میں ماسک لگانے کی پابندی ہٹا دی ہے۔

وزارت نے سنیچر کو کہا ’’پورے ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی آنے پر ہیلتھ ڈائریکٹر ہیزی لیوی کو پابندی کو منسوخ کرنے کے حکم پر دستخط کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ لوگوں کے لئے سنیچر سے کھلے میں ماسک لگانا ضروری نہیں ہوگا‘‘۔

وزارت نے لوگوں کو گھر سے باہر بھیڑ بھاڑ والے مقامات اور دیگر تقاریب میں ماسک لگانے کی صلاح دی اور زور دیکر کہا کہ ماسک ابھی بھی گھر کے اندر پہننے کی ضرورت ہے۔ لیکن لوگوں کے لئے کھلے علاقوں اور جہاں بھیڑ نہ ہو، ماسک پہننا ضروری نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ 20 دسمبر سے کورونا وائرس کے خلاف ٹیکہ کاری مہم شروع کی تھی اور دنیا میں اسرائیل سب سے تیزی سے ویکسین لگانے والےممالک میں شمار کیا جانے لگا ہے۔

اسرائیل کی وزارت صحت کے ترجمان انت ڈینیلی نے مارچ میں کہا تھا کہ ملک کا منصوبہ ہے کہ سبھی ضروری معیاری عمل مکمل کرتے ہی ملک کے 12۔16 عمر کے بچوں کو ٹیکہ لگانا شروع کردیا جائے گا۔

نوی ممبئی میں بینک کی برانچ میں لگی آگ

0
نوی ممبئی میں بینک کی برانچ میں لگی آگ
نوی ممبئی میں بینک کی برانچ میں لگی آگ

ذرائع نے بتایا کہ واشی میں سنیچر کی شام کو یونین بینک آف انڈیا کی برانچ کے دفتر میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے محکمے نے پانی کے ٹینکر اور اپنے اہلکاروں کو جائے حادثہ پر روانہ کیا اور رات 10 بجکر 17 منٹ پر آگ پر قابو پایا جا سکا۔

تھانے: مہاراشٹر کے نوی ممبئی میں اے پی ایم سی کمپلیکس میں پبلک سیکٹر کے بینک کی ایک برانچ کے دفتر میں اچانک آگ لگ گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ واشی میں سنیچر کی شام کو یونین بینک آف انڈیا کی برانچ کے دفتر میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کے محکمے نے پانی کے ٹینکر اور اپنے اہلکاروں کو جائے حادثہ پر روانہ کیا اور رات 10 بجکر 17 منٹ پر آگ پر قابو پایا جا سکا۔

اس حادثے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ آگ لگنے کے اسباب کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔