بدھ, مئی 27, 2026
ہوم پیج بلاگ صفحہ 165

آسام کو ملنے والے ہیں 4 نئے اضلاع، ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں 81 ذیلی اضلاع تشکیل دینے کو بھی ملی منظوری

0
آسام-کو-ملنے-والے-ہیں-4-نئے-اضلاع،-ریاستی-کابینہ-کی-میٹنگ-میں-81-ذیلی-اضلاع-تشکیل-دینے-کو-بھی-ملی-منظوری

آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے 25 اگست کو ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آسان میں 4 نئے اضلاع کی تشکیل کو منظوری دے دی گئی ہے۔ انھوں نے ریاستی کابینہ کی 100ویں میٹنگ کے بعد بتایا کہ انتظامی صلاحیت میں بہتری کے لیے ریاست میں چار نئے اضلاع تشکیل دیئے جائیں گے، اور اس کے علاوہ 81 ذیلی اضلاع کی تشکیل کو بھی کابینہ کی منظوری مل گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آسام میں نئی حد بندی کا عمل جاری تھا، اور سا کے مکمل ہونے کے بعد چار نئے اضلاع کی تشکیل کو کابینہ کی منظوری ملی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جو نئے چار اضلاع تشکیل دیے جائیں گے ان کے نام ہوجائی، بسواناتھ، تاملپور اور بجالی ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ بسواناتھ ضلع کو سونت پور، ہوجائی کو ناگاؤں، بجالی کو بارپیٹا اور تاملپور کو بکسا کے ساتھ ملایا گیا ہے۔ ان چار اضلاع کے بعد آسام میں اضلاع کی مجموعی تعداد 35 ہو جائے گی۔

وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کا کہنا ہے کہ نئے اضلاع اور ذیلی اضلاع کی تشکیل کا نوٹیفکیشن ہفتہ (26 اگست) کو جاری کیا جائے گا، لیکن اس کا اطلاق یکم جنوری 2024 سے ہوگا۔ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ ریاستی کابینہ نے 24 موجودہ سول سب ڈویژنوں کو تحلیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس کی جگہ 81 ذیلی اضلاع بنائے جائیں گے جو ہر اسمبلی حلقے کا احاطہ کریں گے اور تمام انتظامی اختیارات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کمشنرز کو سونپے جائیں گے۔

کیرالہ: وائناڈ میں شدید سڑک حادثہ، جیپ گہری کھائی میں گرنے سے 9 افراد کی دردناک موت، راہل گاندھی کا اظہارِ غم

0
کیرالہ:-وائناڈ-میں-شدید-سڑک-حادثہ،-جیپ-گہری-کھائی-میں-گرنے-سے-9-افراد-کی-دردناک-موت،-راہل-گاندھی-کا-اظہارِ-غم

کیرالہ کے وائناڈ سے ایک اندوہناک حادثہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ایک جیپ 25 میٹر گہری کھائی میں گر گئی جس سے کم از کم 9 افراد کی موت ہو گئی ہے جن میں بیشتر خواتین ہیں۔ یہ حادثہ منّاتھاوڈی کے تھاوِنہال گرام پنچایت کے پاس سرزد ہوا۔ حادثہ میں زخمی دو لوگوں کو منّاتھاوڈی میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حادثہ کے تعلق سے بتایا جا رہا ہے کہ یہ اس وقت ہوا جب ایک جیپ باغان سے کچھ مزدوروں کو لے کر جا رہی تھی۔ موصولہ خبروں کے مطابق حادثہ کے وقت جیپ میں ڈرائیور سمیت مجموعی طور پر 11 افراد سوار تھے۔

اس حادثہ پر وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر کیے گئے اپنے تعزیتی پوسٹ میں لکھا ہے کہ "اس جیپ حادثہ سے گہرا دکھ ہوا ہے جس میں منّاتھاوڈی، وائناڈ میں چائے باغات کے کئی کارکنوں کی جان چلی گئی۔ ضلعی حکام سے بات ہوئی ہے اور اس معاملے میں فوری جانکاری دینے کی بات کہی ہے۔ میری ہمدردیاں غمزدہ کنبوں کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاء گو ہوں۔”

615 کروڑ روپے کے چندریان-3 سے ہوئی 31 ہزار کروڑ روپے کی کمائی، کئی کمپنیوں کی بھر گئی تجوری!

0
615-کروڑ-روپے-کے-چندریان-3-سے-ہوئی-31-ہزار-کروڑ-روپے-کی-کمائی،-کئی-کمپنیوں-کی-بھر-گئی-تجوری!

ہندوستان کے چندریان-3 نے چاند پر فتح کر کے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ حیرانی اس بات کو لے کر سب سے زیادہ ہے کہ ہندوستان نے محض 615 کروڑ روپے کے خرچ میں چاند کے جنوبی قطب تک پہنچنے کا کارنامہ کیسے انجام دے دیا، حالانکہ روس اور امریکہ جیسے ممالک ایسا نہیں کر سکے۔ اب ایک اور حیران کرنے والی خبر سامنے آ رہی ہے۔ چندریان-3 کی کامیابی نے کئی کمپنیوں کی تجوریاں بھر دی ہیں اور انھیں مالا مال کر دیا ہے۔

دراصل شیئر مارکیٹ کے سرمایہ کار تقریباً ان سبھی شیئرس میں ہزاروں کروڑ روپے کی کھل کر سرمایہ کاری کر رہے ہیں جن کا براہ راست ایرواسپیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اس کا ثبوت اس بات سے ملتا ہے کہ ہفتہ کے پہلے چار دنوں میں 13 اسپیس پر مبنی شیئرس کے گروپ کا جوائنٹ مارکیٹ کیپ تقریباً 31 ہزار کروڑ رپے سے زیادہ بڑھ چکا ہے۔

آپ کو جان کر حیرانی ہوگی کہ چندریان-3 کے لیے اِسرو کو اہم ماڈیول اور سسٹم کی سپلائی کرنے والی اسمال کیپ کمپنی سینٹم الیکٹرانکس کے شیئرس میں اس ہفتہ 26 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اس ہفتہ اونٹیل، لنڈے انڈیا، پارس ڈیفنس اور بھارت ہیوی الیکٹرانکس کے شیئرس میں بھی دوہرے ہندسہ کی تیزی دیکھی گئی۔ وہیں اگر بات گودریج انڈسٹریز کے شیئرس کی کریں تو 8 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ گودریج ایرواسپیس، جو اِسرو کو کمپونینٹ کی سپلائی کرتی ہے، اس کی معاون کمپنی ہے۔ کمپنی نے بعد میں واضح کیا کہ گودریج ایرواسپیس کسی بھی طرح سے گودریج انڈسٹریز کی برانچ نہیں ہے۔

بہرحال، ہندوستان کو چاند کے جنوبی قطب پر اترنے والا دنیا کا پہلا ملک بنانے میں کردار نبھانے والی کمپنیوں کی فہرست طویل ہے۔ لارسن اینڈ ٹوبرو (ایل اینڈ ٹی) مشن چاند میں سَب سسٹم کی مینوفیکچرنگ سے لے کر مشن ٹریکنگ تک شامل تھا، ڈیفنس پی ایس یو مشر دھاتو نگم نے تین فیز والے بھاری لفٹ لانچ کرافٹ ایل وی ایم 3 ایم 4 کے لیے اہم اشیاء کی سپلائی کی۔ پی ٹی سی انڈسٹریز نے پمپ انٹر اسٹیج ہاؤسنگ کی سپلائی کی اور ایم ٹی آر وکاس انجن اور ٹربو پمپ اور بوسٹر پمپ سمیت کرایوجینک انجن سَب سسٹم جیسے سامانوں کی سپلائی کی ہے۔ پارس نے چندریان-3 کے لیے نویگیشن سسٹم کی سپلائی کی ہے جبکہ بی ایچ ای ایل نے ٹائٹانیم ٹینک اور بیٹری کی سپلائی کی۔

ان میں سے کئی ہندوستانی کمپنیاں 447 ارب ڈالر کے گلوبل اسپیس مارکیٹ میں دنیا کی توجہ مرکوز کر سکتی ہیں۔ گگن یان، آدتیہ ایل 1، ایکس پی اوسیٹ، این آؕئی ایس اے آر اور اسپیڈیکس جیسے اِسرو کے دوسرے آنے والے مشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سیمکو سیکورٹیز کے اپورو سیٹھ نے کہا کہ اسپیس اور ڈیفنس اسٹاک ایک میگا ٹرینڈ ہے جس پر سرمایہ کاروں کو آنے والے سالوں میں توجہ دینی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ایم ٹی اے آر ٹیکنالوجیز، بھارت الیکٹرانکس اور ہندوستان ایروناٹکس جیسے اسٹاک اپنی مضبوط آرڈر بک، مضبوط بنیادی باتوں اور سودیشی پروڈکشن پر ہندوستان کے بڑھتے فوکس کے سبب دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔

جی-20: تین دنوں تک راجدھانی دہلی رہے گی بند، ایئرپورٹ پہنچنے کے لیے خاص انتظام، دہلی پولیس نے جاری کی ایڈوائزری

0
جی-20:-تین-دنوں-تک-راجدھانی-دہلی-رہے-گی-بند،-ایئرپورٹ-پہنچنے-کے-لیے-خاص-انتظام،-دہلی-پولیس-نے-جاری-کی-ایڈوائزری

دہلی میں آئندہ ماہ جی-20 اجلاس منعقد ہونے والا ہے جس کے تعلق سے دہلی پولیس نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ جمعہ کے روز جاری اس ایڈوائزری کے مطابق 8 سے 10 ستمبر تک آئی جی آئی ہوائی اڈے تک ٹریفک نظام متاثر رہے گا۔ اس لیے لوگوں کو آمد و رفت کے لیے میٹر کی ایئرپورٹ لائن کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں جو لوگ اب بھی شہر کے مختلف حصوں اور این سی آر علاقوں سے اپنی گاڑیوں سے ہوائی اڈے تک سفر کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے خاص انتظام کیا گیا ہے۔

پولیس ایڈوائزری کے مطابق 8 ستمبر کی شب 12 بجے سے 10 ستمبر کی شب 11.59 بجے تک اندرا گاندھی انٹرنیشنل ہوائی اڈے تک سڑک کا راستہ رخنہ انداز ہوگا۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر ہوائی اڈے جانے والے مسافر میٹر کی جگہ سڑک کا راستہ اختیار کرتے ہیں تو انھیں مناسب وقت لے کر سفر کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

پولیس ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ گروگرام سے آئی جی آئی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-3 تک سڑک کے راستہ سے سفر کر رہے ہیں تو وہ این ایچ 48، راؤ گجراج سنگھ مارگ، پرانی دہلی، گروگرام روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ، این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ٹرمینل 1 تک پہنچنے کے لیے مسافر این ایچ 48، راؤ گجراج سنگھ مارگ، پرانی دہلی، گروگرام روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ، این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ، سروس روڈ این ایچ 48، سنجے ٹی پوائنٹ، الان بٹار کا راستہ لے سکتے ہیں۔

دوارکا سے ٹرمینل 3 جانے کے لیے مسافر دوارکا سیکٹر 22 روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ٹرمینل 1 کے لیے مسافر دوارکا سیکٹر 22 روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ، سروس روڈ این ایچ 48، سنجے ٹی پوائنٹ، الان باتر راستہ سے ہو کر جا سکتے ہیں۔

جو لوگ نئی دہلی اور جنوبی دہلی سے ٹرمینل 3 یا ٹرمینل 1 کی طرف سفر کرنا چاہتے ہیں وہ ایمس چوک، رنگ روڈ، موتی باغ چوک، آر ٹی آر مارگ، سنجے ٹی پوائنٹ، سروس روڈ این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ اور سنجے ٹی پوائنٹ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اسی طرح مغربی دہلی سے ٹرمینل 3 اور ٹرمینل 1 جانے کے لیے پنجابی باغ چوک، رنگ روڈ، راجہ گارڈن چوک، نجف گڑھ روڈ، پنکھا روڈ، ڈابری-دوارکا روڈ، روڈ نمبر 224، ڈابری-گروگرام روڈ لینے کی صلاح دی گئی ہے۔

شمالی اور مشرقی دہلی سے ٹرمینل 3 اور ٹرمینل 1 تک جانے کے لیے مسافر آئی ایس بی ٹی کشمیری گیٹ، رانی جھانسی فلائی اوور، روہتک روڈ، پنجابی باغ چوک، رنگ روڈ، راجہ گارڈن چوک، نجف گڑھ روڈ، پنکھا روڈ، ڈابری دوارکا روڈ، روڈ نمبر 224 کا استعمال کر سکتے ہیں۔ ڈابری-گروگرام روڈ، سیکٹر 22، دوارکا روڈ، یو ای آر 2، سروس روڈ این ایچ 48، ٹرمینل 3 روڈ/الان بٹار مارگ اور ٹرمینل 1 سے سفر کر سکتے ہیں۔

جی-20 سمیلن میں شرکت کے لیے ہندوستان نہیں آئیں گے ولادمیر پوتن، روسی صدر کے ترجمان نے کی تصدیق

0
جی-20-سمیلن-میں-شرکت-کے-لیے-ہندوستان-نہیں-آئیں-گے-ولادمیر-پوتن،-روسی-صدر-کے-ترجمان-نے-کی-تصدیق

آئندہ ماہ یعنی ستمبر میں ہندوستان میں منعقد ہونے والے جی-20 سمیلن میں روسی صدر ولادمیر پوتن شریک نہیں ہوں گے۔ کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ صدر پوتن ہندوستان میں ستمبر ماہ میں ہونے والے جی-20 سمیلن کے لیے سفر کا کوئی منصوبہ نہیں بنا رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں جی-20 سمیلن کی تیاریوں زوروں پر چل رہی ہیں۔ ہندوستان نے سبھی جی-20 ممالک، مدعو ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے لیڈران کو دعوت نامہ بھیجا تھا، حالانکہ اس بات کی تصدیق نہیں ہو پا رہی تھی کہ پوتن اس تقریب میں شرکت لیں گے یا نہیں۔ اب ان کے ترجمان پیسکوف نے واضح کر دیا ہے کہ وہ دورۂ ہند کا کوئی منصوبہ نہیں بنا رہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان اس وقت جی-20 ممالک کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ گروپ دنیا کی اہم ترقی یافتہ اور ترقی پذیر معیشتوں کا ایک بین سرکاری پلیٹ فارم ہے۔ یہ اراکین مجموعی عالمی گھریلو پروڈکشن کا تقریباً 85 فیصد، عالمی کاروبار کا 75 فیصد سے زیادہ ہیں، اور عالمی آبادی کے تقریباً دو تہائی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس گروپ میں ہندوستان کے علاوہ ارجنٹائنا، آسٹریلیا، برازیل، کناڈا، چین، فرانس، جرمنی، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، کوریا ریپبلک، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی، برطانیہ، امریکہ اور یوروپی یونین شامل ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ مہابودھی مندر میں فائرنگ، ایک پولیس اہلکار کی موت، مندر میں داخلہ بند، تحقیقات شروع

0
عالمی-شہرت-یافتہ-مہابودھی-مندر-میں-فائرنگ،-ایک-پولیس-اہلکار-کی-موت،-مندر-میں-داخلہ-بند،-تحقیقات-شروع

بہار کے بودھ گیا سے ایک افسوسناک خبر سامنے آ رہی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ مہابودھی مندر احاطہ میں جمعہ کی دوپہر گولیوں کی آواز سے زبردست افرا تفری مچ گئی۔ ملکی و غیر ملکی سیاحوں سے بھرے رہنے والے بودھ گیا کے مہابودھی مندر میں ہوئی اس فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار کی موت ہو گئی ہے۔ فائرنگ اور افرا تفری پھیلنے کے بعد مہابودھی مندر کو خالی کرا دیا گیا ہے اور داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ کثیر تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی بھی کی گئی ہے اور تحقیقات کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق مندر احاطہ سے لے کر آس پاس کے تمام علاقوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بی ایس اے پی جوان ستیندر یادو (43 سال) جمعہ کی دوپہر ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ جس روڈ سے وہ جا رہے تھے، وہاں پتھر پر پھسلن تھی۔ اس کی وجہ سے ان کا پیر پھسل گیا اور ان کے ہاتھ میں موجود ہتھیار سے یکے بعد دیگرے تین گولیاں چل گئیں۔ گولی لگتے ہی ستیندر بیہوش ہو کر زمین پر گر گئے۔ یعنی ستیندر اپنے ہی اسلحہ سے چلی گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ آس پاس کے لوگوں کی بھیڑ لگ گئی۔

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور آناً فاناً میں زخمی جوان کو اسپتال لے گئے۔ یہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ گیا رینج ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ یہ ایک حادثہ ہے۔ فائرنگ جوان ستیندر یادو کے کاربائن سے ہوئی ہے۔ آس پاس کوئی وہاں پر سی سی ٹی وی نہیں ہے۔ بیلسٹک ایکسپرٹ آئیں گے وہی جانچ کریں گے پھر واضح ہو جائے گا کہ اصل معاملہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جائے حادثہ سے کئی کھوکے بھی برآمد کیے گئے ہیں اور جانچ چل رہی ہے۔

بھاری نقصان کے پیش نظر ہماچل پردیش کی آفت کو قومی آفت قرار دیا جائے، پرینکا گاندھی کی مرکزی حکومت سے اپیل

0
بھاری-نقصان-کے-پیش-نظر-ہماچل-پردیش-کی-آفت-کو-قومی-آفت-قرار-دیا-جائے،-پرینکا-گاندھی-کی-مرکزی-حکومت-سے-اپیل

نئی دہلی: ہماچل پردیش میں بارش نے ریاست بھر میں تباہی مچا دی ہے۔ بارش سے ریاستی حکومت کو اب تک آٹھ ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جنرل سکریٹری اور ہماچل اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے والی پرینکا گاندھی نے ہماچل پردیش میں ہونے والی تباہی کو قومی آفت قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ پرینکا گاندھی نے اس مشکل وقت میں ہماچل پردیش کے لوگوں کے لیے دعا بھی کی۔

پرینکا گاندھی نے اس موقع پر ہماچل پردیش حکومت کے اقدامات کی بھی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات قابل ستائش اور حساس ہیں۔ پرینکا گاندھی نے لکھا ’’آفت کے اس مشکل وقت میں میری دعائیں ہماچل کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔ کئی ریاستوں نے ہماچل پردیش کی مدد کے لیے قابل ستائش اور حساس قدم اٹھائے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے اپیل ہے کہ اس سانحے سے ہونے والے بڑے نقصان کے پیش نظر ہماچل پردیش میں آنے والی آفت کو قومی آفت قرار دیا جائے، تاکہ اس آفت سے دوچار ہمارے بہن بھائیوں کو صحیح اور فوری ریلیف مل سکے۔ اس خوفناک آفت کے وقت تمام ہم وطنوں کو ہماچل پردیش کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور ان کا حوصلہ بڑھانا چاہیے۔

خیال رہے کہ ہماچل پردیش کو 24 جون سے اب تک 8450.00 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ 2 ہزار 346 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ ریاست میں 10 ہزار 135 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ 303 دکانیں اور 5 ہزار 48 جانوروں کے باڑے بھی تباہ ہوئے ہیں۔ 24 جون سے لے کر اب تک ریاست بھر میں 156 لینڈ سلائیڈنگ اور 63 سیلاب کے واقعات درج کیے گئے ہیں۔ ریاست میں 367 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جب کہ 40 لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ ریاست بھر میں بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں 343 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اپوزیشن اتحاد ‘اِنڈیا’ کی میٹنگ اب اگست نہیں بلکہ ستمبر میں ہوگی، نتیش کمار نے نئی تاریخ کی دی جانکاری

0
اپوزیشن-اتحاد-‘اِنڈیا’-کی-میٹنگ-اب-اگست-نہیں-بلکہ-ستمبر-میں-ہوگی،-نتیش-کمار-نے-نئی-تاریخ-کی-دی-جانکاری

اپوزیشن اتحاد ‘اِنڈیا’ کی ممبئی میں ہونے والی میٹنگ کی تاریخ تبدیل ہو گئی ہے۔ میٹنگ 30 اور 31 اگست کو ممبئی میں مجوزہ تھی، لیکن اب یہ یکم ستمبر کو ہوگی۔ اس سلسلے میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ میں جانکاری دی اور کچھ دیگر تفصیلات سے بھی مطلع کیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف 23 جون کو پہلی بار ملک بھر کی بی جے پی مخالف پارٹیوں کی پٹنہ میں میٹنگ کرانے والے نتیش کمار نے بتایا کہ بنگلورو کی دوسری میٹنگ میں جو کچھ طے پایا تھا، ممبئی کی میٹنگ میں اس سے آگے کی بات ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ بیشتر پارٹیوں کے لیڈران 31 اگست کو ہی ممبئی پہنچ جائیں گے اور اس کے اگلے دن، یعنی یکم ستمبر کو وہ میٹنگ میں شریک ہوں گے۔

نتیش کمار کا کہنا ہے کہ کئی طرح کے سوالات اس وقت اٹھائے جا رہے ہیں جن کا جواب سبھی پارٹی لیڈران کی رائے لینے کے بعد دیا جائے گا۔ نتیش کمار نے یہ بیان تب دیا جب ان سے میڈیا نے اپوزیشن اتحاد اِنڈیا کا کنویر بنائے جانے میں آر جے ڈی صدر لالو پرساد اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے کردار پر سوال کیا گیا۔ نتیش کمار سے یہ بھی سوال کیا گیا کہ کیا الگ الگ ریاستوں کو ذمہ داری دی جائے گی؟ اس پر نتیش کمار نے کہا کہ تیسری میٹنگ جب ممبئی میں ہوگی تو سبھی باتیں طے کی جائیں گی، اور پھر اس کی جانکاری میڈیا کو بھی دی جائے گی۔ میٹنگ سے پہلے کچھ بھی کہنا ٹھیک نہیں ہوگا۔

وزیر اعظم مودی کو اس وقت تک ان کے جھوٹ کی یاد دلاتے رہیں گے جب تک وہ سچ نہیں بول دیتے: کانگریس

0
وزیر-اعظم-مودی-کو-اس-وقت-تک-ان-کے-جھوٹ-کی-یاد-دلاتے-رہیں-گے-جب-تک-وہ-سچ-نہیں-بول-دیتے:-کانگریس

نئی دہلی: کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک سے ان کے جھوٹ کی یاد دلاتی رہے گی جب تک کہ وہ اپنے ’ہماری زمین میں کوئی داخل نہیں ہوا‘ کے ریمارکس پر سچ نہیں بول دیتے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ایک ٹوئٹ میں کہا ’’یاد رکھیں کہ وزیر اعظم نے 19 جون 2020 کو کیا کہا تھا۔ جب تک وزیر اعظم سچ نہیں بولیں گے، ہم قوم کو ان کے جھوٹ کو بار بار یاد دلائیں گے۔‘‘

انہوں نے وزیر اعظم کی ایک ویڈیو بھی منسلک کی جس میں وہ ایک آل پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’’ہمارے علاقے میں کوئی داخل نہیں ہوا، کوئی وہاں نہیں ہے اور کسی نے بھی چوکی پر قبضہ نہیں کیا ہے۔‘‘

جے رام کا یہ ٹوئٹ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی طرف سے وزیر اعظم کے ریمارکس کو جھوٹ قرار دینے کے فوری بعد کیا گیا۔ راہل گاندھی نے کہا یہ جھوٹ ہے کیونکہ چین نے ہندوستان کی ہزاروں کلومیٹر زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔

کرگل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ’’لداخ ایک اسٹریٹجک مقام ہے اور یہاں آنے کے بعد خاص طور پر جب میں پینگونگ تسو جھیل پر تھا، یہ واضح ہے کہ چین نے ہندوستان کی ہزاروں کلومیٹر زمین پر قبضہ کر لیا ہے اور یہ بدقسمتی ہے کہ وزیر اعظم مودی نے اپوزیشن کی میٹنگ میں کہا کہ لداخ میں کسی نے ایک انچ زمین نہیں لی، یہ جھوٹ ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا ’’لداخ میں ہر کوئی جانتا ہے کہ چین نے ہندوستان کی زمین لے لی ہے اور وزیر اعظم بولنے کو تیار نہیں ہیں۔‘‘ خیال رہے کہ کانگریس نے کئی مواقع پر چین کے معاملے پر وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔

چندریان-3: واہ، کیا نظارہ ہے! دھیرے دھیرے وکرم لینڈر سے چاند کی سطح پر اترا رووَر پرگیان، اِسرو نے جاری کی ویڈیو

0
چندریان-3:-واہ،-کیا-نظارہ-ہے!-دھیرے-دھیرے-وکرم-لینڈر-سے-چاند-کی-سطح-پر-اترا-رووَر-پرگیان،-اِسرو-نے-جاری-کی-ویڈیو

چندریان-3 کی کامیابی کو لے کر ہندوستانیوں اور سائنسدانوں میں دو دن بعد بھی جشن کا ماحول ہے۔ اِسرو کے سائنسدانوں کو ملی اس تاریخی کامیابی کے بعد اب انتظار ہے چاند کے کچھ اہم معموں کے حل ہونے کا۔ لیکن اس درمیان اِسرو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لگاتار چندریان-3 کی سرگرمیوں کو ویڈیوز اور تصویروں کی شکل میں ہمارے سامنے پیش کر رہا ہے۔ کچھ گھنٹے پہلے اِسرو نے ایک انتہائی خوبصورت ویڈیو شیئر کی ہے جس میں رووَر پرگیان دھیرے دھیرے وکرم لینڈر سے چاند کی سطح پر اترتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

دراصل وکرم رووَر 23 اگست کو لینڈر ماڈیول کے چاند کی سطح پر اترنے کے کچھ گھنٹے بعد ہی وکرم لینڈر سے نکل کر چاند کی سطح پر اتر گیا تھا، لیکن اس کی ویڈیو اِسرو کے ذریعہ اب جاری کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ رووَر پہیوں کے سہارے لینڈر سے اتر رہا ہے، بالکل اسی طرح جیسے کہ کوئی ٹرین پٹریوں پر آگے کی طرف بڑھتی ہے۔ سامنے چاند کی سطح دکھائی دے رہی ہے جو کہ پوری طرح برابر ہے، یعنی لینڈر ماڈیول چاند پر جس جگہ اترا ہے وہ زیادہ اوبڑ کھابڑ نہیں ہے۔ رووَر کے چاند پر اترنے کا یہ نظارہ انتہائی خوبصورت ہے۔

بہرحال، آج چندریان-3 مشن کے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک دلچسپ تصویر بھی شیئر کی گئی ہے۔ اس تصویر میں چندریان-3 کا لینڈر چاند کی سطح پر بہت باریک دکھائی دے رہا ہے۔ آپ کے لیے یہ جاننا دلچسپ ہوگا کہ تصویر چندریان-2 کے آربیٹر (جو کہ چاند کے مدار میں موجود ہے) میں لگے کیمرے نے کھینچی ہے۔ اس تصویر کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ "آئی اسپائی آن یو (میں تم پر نظر رکھ رہا ہوں)۔ چندریان-3 کی یہ تصویر چندریان-2 کے آربیٹر میں لگے ہائی ریزولوشن کیمرے سے لی گئی ہیں۔” ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ تصویر 23 اگست کو اس وقت لی گئی تھی جب چندریان-3 کے لینڈر ماڈیول نے چاند کی سطح پر قدم رکھا تھا۔ اس سے ظاہر ہے کہ چندریان-3 کے لیے استعمال مشینیں اور کیمرے تو اس پورے مشن کا گواہ بن ہی رہے ہیں، ساتھ ہی چندریان-2 کا آربیٹر بھی اس تاریخی کامیابی کا گواہ بن رہا ہے۔