جمعرات, مئی 21, 2026

ایم آئی ایم بدھوڑی کے نفرتی بیان کی شدید مذمت کرتی ہے : اختر الایمان

Share

مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر اختر الایمان نے نئی پارلیمنٹ میں رمیش بدھوڑی کی ہیٹ اسپیچ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح بی جے پی نے نئی پارلیمنٹ میں نئے بھارت کی تصویر پیش کر دی ہے ۔

انہوں نے ایک پریس بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت افسوس ناک ہونے کے ساتھ تشویشناک بھی ہے۔ اس پر فکر انگیزی اور سنجیدگی کے ساتھ مل کر غور کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ صرف کنور علی دانش کو ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے سارے مسلمانوں کو گالی دی گئی ہے ۔ انہوں نے رکن پا رلیمان کنور علی دانش کی ستائش کی کہ انہوں نے ایوان  کے وقار کا لحاظ رکھتے ہوئے بد زبان و پست کردار رکن پارلیمنٹ کو اسی کی زبان میں جواب نہیں دیا اور ضبط کر کے اپنے اعلی معیار ہونے کا ثبوت دیا ۔

اختر الایمان نے کہا کہ اس معاملے میں ایم ائی ایم کا موقف بالکل واضح ہے ۔ہمارا کہنا ہے کہ بدھوڑی نے پارلیمنٹ میں نفرتی تقریر کی ہے لہذا سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ایسے لوگوں پر کارروائی ہونی چاہیے ۔ لیکن یہاں تو اندھیر نگری ہے ۔حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والی بی جی بی لیڈر کے خلاف ساری دنیا چیخ پڑی مگر اس پر آج تک کوئی معقول کارروائی نہیں کی گئی۔

مسلمانوں کے لیے ” گولی مارو سالوں کو” نعرہ دینے والا مرکز میں وزیر ہے ۔ خاتون پہلوانوں کے سلسلے میں بھی ممبر پارلیمنٹ کو اب تک سزا نہیں ملی ۔ ایسی درجنوں مثالیں ہیں ۔ سزا صرف اپوزیشن والوں اور مسلمانوں کے لیے ہے ۔ اختر الایمان نے کہا کہ اب پاپ کا گھڑا بھر چکا ہے اور جلد ہی پھوٹنے والا ہے ۔

مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی جنرل سکریٹری انجینئر افتاب احمد نے بھی رمیش بدھوڑی کی سخت الفاظ ہیں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ جیسے پروقار اور قابل احترام ایوان میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بدھوڑی کی تقریر جو گالی گلوج پر مشتمل ہونے کے ساتھ ایک خاص طبقے کے خلاف نفرتی بیان ہے ۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ایم ائی ایم کے یوتھ ونگ کے ریاستی صدر عادل حسن ایڈووکیٹ نے بھی بدھوڑی کے اسپیچ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی پارلیمنٹ میں ایسی نفرت انگیز تقریر جو مسلمانوں کے خلاف کھلم کھلا دھمکانے کے طور پر ہے اسے کسی قیمت پر ایم ائی ایم برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ تمام سیکولر پارٹیاں اس معاملے میں متحد ہیں ۔ انجینیئر افتاب احمد اور عادل حسن نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہیٹ اسپیچ سے متعلق رولنگ کے تحت بدھوڑی کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔

Read more

Local News