چیف جسٹس کے ایک تبصرے سے شروع ہونے والا تنازع نوجوانوں کی بے چینی، بے روزگاری اور سیاسی مایوسی کی علامت بنتا جا رہا ہے
کاکروچ جنتا پارٹی: پرانی بوتل میں نئی شراب؟
سوشل میڈیا کی ایک نئی اختراع نے ٹھہرے ہوئے پانی میں ایک ایسا کنکر پھینکا ہے جس کی لہریں اب صرف انٹرنیٹ تک محدود نہیں رہیں بلکہ ٹی وی مباحثوں، سیاسی حلقوں اور سماجی تجزیوں تک پہنچ چکی ہیں۔
ملک میں بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، مگر اس پر نہ سنجیدہ مباحثہ دکھائی دیتا ہے اور نہ ہی مستقل میڈیا توجہ۔ مہنگائی عام آدمی کی زندگی کو متاثر کر رہی ہے، مگر مین اسٹریم میڈیا کے ایک بڑے حصے کی ترجیحات اکثر سطحی اور غیر سنجیدہ موضوعات کے گرد گھومتی محسوس ہوتی ہیں۔ گیس سلنڈر، تعلیم، صحت، بجلی، پانی اور روزگار جیسے بنیادی مسائل رفتہ رفتہ قومی مباحثے کے مرکز سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔
’نیٹ‘ جیسے اہم امتحانات کے پرچہ لیک ہونے کے باوجود نوجوانوں میں پائی جانے والی بے چینی کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔ سی بی ایس ای سمیت مختلف امتحانی نظاموں پر سوالات اٹھتے رہے، مگر لاکھوں طلبہ خود کو غیر محفوظ اور غیر سنا ہوا محسوس کرتے ہیں۔ ایسے ماحول میں اگر نوجوانوں کو کہیں بھی اپنی آواز سنائی دینے کا احساس ہوتا ہے تو وہ فوری طور پر اس کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں۔ یہی پس منظر ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ جیسی ڈیجیٹل تحریک کو غیر معمولی توجہ دلانے کا سبب بنا۔
چیف جسٹس کے تبصرے سے شروع ہونے والا تنازعہ
یہ تنازع اُس وقت شروع ہوا جب Surya Kant کے ایک تبصرے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک سماعت کے دوران بعض بے روزگار نوجوانوں کے تعلق سے دیے گئے بیان کو لوگوں نے عام نوجوانوں کی توہین کے طور پر لیا۔ بعد میں وضاحت پیش کی گئی کہ تبصرہ جعلی ڈگریوں کے ذریعے پیشوں میں داخل ہونے والے افراد کے تناظر میں تھا، مگر تب تک معاملہ سوشل میڈیا پر پھیل چکا تھا۔
پہلے “I Am Proud Cockroach” جیسا ہیش ٹیگ وائرل ہوا، پھر “کاکروچ جنتا پارٹی” کے نام سے ایک طنزیہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم سامنے آیا، جس نے خود کو “نوجوانوں کی، نوجوانوں کیلئے، نوجوانوں کے ذریعہ سیاسی تحریک” قرار دیا۔
جین زی کی مایوسی یا ڈیجیٹل مزاح؟
کاکروچ جنتا پارٹی نے اپنے منشور میں بے روزگار، مسلسل آن لائن رہنے والے اور “پروفیشنل شکایت کنندہ” نوجوانوں کو طنزیہ انداز میں مخاطب کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس سے متعلق میمز، اے آئی سے تیار کردہ ترانے اور سیاسی طنزیہ پوسٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگیں۔
پارٹی کا دعویٰ ہے کہ وہ ان نوجوان ہندوستانیوں کی نمائندگی کرتی ہے جو محسوس کرتے ہیں کہ نظام انہیں بھول چکا ہے۔ اس کے مطابق یہ تحریک بے روزگاری، معاشی دباؤ اور سماجی عدم مساوات کے خلاف ایک علامتی ڈیجیٹل احتجاج ہے۔ اگرچہ اس کی زبان طنزیہ ہے، لیکن بہت سے مبصرین کے مطابق یہ نوجوان نسل کی حقیقی مایوسی اور غصے کی عکاسی بھی کرتی ہے۔
کیا یہ صرف مزاحیہ مہم ہے؟
سوال یہ بھی اٹھ رہا ہے کہ آیا یہ واقعی ایک خود مختار نوجوان تحریک ہے یا اس کے پیچھے کوئی بڑی سیاسی حکمت عملی موجود ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت ڈپکے کے بعض سیاسی روابط اور چند سیاست دانوں کی حمایت نے اس بحث کو مزید تیز کر دیا ہے۔
کچھ تجزیہ نگاروں نے اس کا تقابل ماضی کی اُن تحریکوں سے کیا ہے جو ابتدا میں غیر سیاسی یا عوامی احتجاج کے طور پر سامنے آئیں مگر بعد میں عملی سیاست کا حصہ بن گئیں۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ ہندوستان میں سوشل میڈیا سیاست اب صرف تفریح یا احتجاج کا ذریعہ نہیں رہی بلکہ یہ رائے عامہ کی تشکیل کا ایک طاقتور ہتھیار بنتی جا رہی ہے۔
خفیہ ایجنسیوں کی نگرانی اور اکاؤنٹ بلاک ہونے کی بحث
اس مہم کی مقبولیت اس حد تک بڑھی کہ سرکاری سطح پر بھی اس پر توجہ دی جانے لگی۔ اطلاعات کے مطابق بعض سرکاری اداروں نے اس ڈیجیٹل تحریک کو حساس قرار دیتے ہوئے اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے بارے میں رپورٹ تیار کی۔ بعد ازاں اس سے متعلق بعض اکاؤنٹس بلاک بھی کیے گئے، جس کے بعد اظہارِ رائے، ڈیجیٹل آزادی اور سیاسی طنز پر نئی بحث چھڑ گئی۔
نوجوان، سیاست اور سوشل میڈیا کا نیا دور
حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان کا ایک بڑا نوجوان طبقہ اس وقت شدید ذہنی، معاشی اور سماجی دباؤ کا شکار ہے۔ بے روزگاری، مسابقتی امتحانات کا دباؤ، معاشی غیر یقینی صورتحال اور سوشل میڈیا کے مستقل اثرات نے نوجوان نسل کے اندر ایک عجیب بے چینی پیدا کر دی ہے۔ ایسے میں طنز، میمز اور ڈیجیٹل مزاح ان کے لئے صرف تفریح نہیں بلکہ احتجاج کی نئی زبان بنتے جا رہے ہیں۔
کاکروچ جنتا پارٹی اسی نئی زبان کی ایک مثال ہے۔ یہ محض ایک مذاق بھی ہو سکتی ہے اور مستقبل کی کسی بڑی سیاسی سمت کا ابتدائی اشارہ بھی۔ ابھی اس کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہوگا، مگر اتنا ضرور واضح ہے کہ اس نے ہندوستانی نوجوانوں کی مایوسی، غصے اور سیاسی بے اعتمادی کو قومی بحث کا حصہ بنا دیا ہے۔
شور کے پیچھے چھپی بے چینی
سوشل میڈیا کے اس دور میں طنز اور مزاح کبھی کبھی اُن سوالات کو بھی سامنے لے آتے ہیں جن پر رسمی سیاست خاموش رہتی ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی بھی شاید اسی خاموشی کے خلاف ایک علامتی شور ہے۔
لیکن ضروری یہ ہے کہ کسی بھی نئی ڈیجیٹل تحریک کو جذبات کے بجائے سنجیدگی، تحقیق اور تنقیدی سوچ کے ساتھ دیکھا جائے۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب ہندوستانی سیاست، نوجوانوں کی بے چینی اور سوشل میڈیا ایک دوسرے سے گہرائی کے ساتھ جڑتے جا رہے ہیں۔
مضمون نگار ڈاکٹر یامین انصاری انقلاب دہلی کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر ہیں اور ان سے [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ڈسکلیمر: اس مضمون میں اظہار کئے گئے خیالات مصنف کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارہ ضروری نہیں کہ ان خیالات سے متفق ہو۔
